1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سزا ہوئی تو وزیر اعظم نہیں رہوں گا، وزیر اعظم گیلانی

12 فروری 2012

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے مقدمے میں سزا ہونے پر وہ پارلیمنٹ کے رکن نہیں رہیں گے لہٰذا وہ وزیر اعظم کے عہدے پر بھی برقرار نہیں رہ پائیں گے۔

https://p.dw.com/p/142B9
یوسف رضا گیلاتیتصویر: AP

پاکستانی وزیراعظم نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ توہین عدالت کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر انہیں مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ وہ از خود نا اہل ہو جانے پر وزیر اعظم نہیں رہ پائیں گے۔

واضح رہے کہ کل پیر کے روز یوسف رضا گیلانی سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوں کہ جہاں ان پر این آر اوکیس میں سوئس حکام کو صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات دوبارہ کھولے جانے کے لیے خط نہ لکھنے کے حوالے سے فرد جرم عائد کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے انٹرویو میں این آر او کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر کو نہ صرف یہ کہ پاکستانی آئین کے مطابق بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقدمات سے استثنیٰ حاصل ہے۔

Gilani Pakistan Oberster Gerichtshof
وزیر اعظم گیلانی پیر، تیرہ فروری کو عدالت میں پیش ہوں گےتصویر: Reuters

خیال رہے کہ سوئس عدالتوں میں یہ کیس صدر زرداری اور ان کی مقتول اہلیہ اور سابق پاکستانی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف انیس سو نوے کی دہائی میں سوئس کمپنیوں کو کانٹریکٹ دیے جانے کے حوالے سے کرپشن سے متعلق ہیں۔ صدر زرداری اور بے نظیر بھٹو کی عدم موجودگی میں دونوں رہنماؤں کو سوئس عدالت نے سزا سنائی تھی، تاہم آصف زرداری کے صدر بننے کے بعد سوئس استغاثہ نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ کیس آصف علی زرداری کے صدارتی استثنیٰ کے باعث دوبارہ نہیں کھولے جا سکتے۔ یہ مقدمات اسی وقت کھولے جا سکیں گے جب آصف زرداری صدر نہ رہیں۔

پاکستانی وزیر اعظم گیلانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے امریکہ کو ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں منفی ثابت ہو رہے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ روئٹرز

ادارت: عصمت جبیں