1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکن اور افغان سیاسی پناہ کے مجاز نہیں: آسٹریلیا

10 اپریل 2010

آسٹریلیا نے سری لنکا اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے سیاسی پناہ کی تمام نئی درخواستوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Msk0
تصویر: AP

وزیربرائے مہاجرت کرس ایوانز نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ان ممالک میں تبدیل ہوتی صورتحال کی بنا پر کیا گیا۔ کرس ایوانز نے کہا کہ اس اقدام سے انسانی سمگلنگ کا کاروبار کرنے والوں کو ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ اقدام کشتیوں کے ذریعے آسٹریلیا میں داخلے کی کوشش کرنے والے افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس آسٹریلوی اعلان کو ’ایک سیاسی قدم‘ قرار دیا ہے۔

جمعے کی شام آسٹریلوی بحریہ نے ایک کشتی پکڑی تھی، جس کے ذریعے 70 افراد غیر قانونی طور پر آسٹریلیا میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ 2007ء سے اب تک آسٹریلیا ایسی 100 سے زائد کشتیاں حراست میں لے چکا ہے۔ آسٹریلیا میں غیر قانونی طور پر داخلے کی کوشش کرنے والے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق سری لنکا اور افغانستان سے ہے۔

Ausschreitungen Griechenland Asylbewerber
آئدنہ حراست میں لئے جانے والے افراد کو سیاسی پناہ کی درخواست دائر کرنے کی اجازت نہیں ہوگیتصویر: AP

سری لنکن اور افغان شہریوں کے لئے سیاسی پناہ کی ویزہ درخواستوں کی معطلی کے اس اعلان کو حکومت پر اس اندرونی دباؤ سے بچ نکلنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے، جس میں اسے شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ حکومت اس اقدام سے رواں برس انتخابات میں اپنی کامیابی کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے۔

کرس ایوانز نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سخت ترین فیصلے کی وجہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور آسٹریلیا میں مہاجرت کے قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیوی بحریہ کشتی کے ذریعے ملک میں داخلے کی کوشش کرنے والوں کو سرحدی حدود سے دور نہیں کریں گے، بلکہ کرسمس جزائر پر قائم حراستی مرکز لے جایا جائے گا۔ تاہم یہ افراد سیاسی پناہ کے لئے درخواست کے اہل نہیں ہوں گے۔

حکومتی بیان کے مطابق سری لنکا کی صورتحال پر اگلے تین ماہ میں جبکہ افغانستان پر اگلے چھ ماہ میں نظر ثانی کی جائے گی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے : ’’آسٹریلوی حکومت ایسا کیوں سمجھتی ہے کہ سیاسی پناہ نہ دینے سے سلامتی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ