1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرکاری گاڑی کی چوری، جرمن وزیر کی دوہری مشکل

27 جولائی 2009

جرمن وزیر صحت اُولا شمٹ کی سرکاری گاڑی اتوار کو اسپین میں چوری ہو گئی جس کے باعث انہیں اندرون ملک سخت تنقید کا سامنا ہے۔ 90 ہزار یورو مالیت کی یہ مرسڈیز لیموزین اسپین کے جنوب مشرقی علاقے کوسٹا بلانکا میں چوری ہوئی۔

https://p.dw.com/p/Iy7h
تصویر: picture-alliance/ dpa
Ulla Schmidts Dienstwagen weg
جرمن وزیر صحت اُولا شمٹتصویر: AP

جرمن وزیر صحت اُولا شمٹ چھٹیاں منانے کے لئے اپنے خرچ پر اسپین پہنچیں جبکہ دوہزار 387 کلومیٹر کے فاصلے پر ان کی سرکاری گاڑی بعدازاں ڈرائیور لے کر گیا۔ کہا جارہا ہے کہ وزیر صحت اسپین میں اپنی تعطیلات کے ساتھ ساتھ بعض سرکاری کام بھی انجام دینے والی تھیں جن کی وجہ سے سرکاری کار وہاں لے جائی گئی۔ تاہم جرمن ذرائع ابلاغ اور ملکی اپوزیشن کے علاوہ وزیر صحت کے سیاسی مخالفین نے یہ وضاحت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

جرمنی میں ٹیکس دہندگان کی وفاقی تنظیم کے ناظم الامور رائنر ہولسناگل نے ایک جرمن روزنامے کے ساتھ انٹرویو میں وزیر صحت سے وضاحت طلب کی کہ آخر ان کی سرکاری گاڑی کو، ہولسناگل کے بقول، "یورپ بھر کا چکر" لگوانے کی کیا ضرورت تھی؟ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ کسی وزیر کے آرام پر خرچ نہیں ہونا چاہئے:

"مسز شمٹ کو لازمی طور پر یہ پتہ کرنا چاہئے تھا کہ آیا جرمن سفارت خانہ انہیں کوئی گاڑی فراہم کر سکتا تھا یا کیا وہ ڈرائیور سمیت کوئی گاڑی کرائے پر نہیں لے سکتی تھیں۔ ان دونوں صورتوں میں سے کوئی بھی ٹیکس دہندگان کے لئے اتنے زیادہ بوجھ کا باعث نہ بنتی جتنا کہ یہ گاڑی اسپین لے جانے سے دیکھنے میں آیا۔"

تاہم اُولاشمٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اسپین میں گاڑی کو سرکاری مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر صحت اپنی سرکاری سرگرمیوں کے تحت پیر کو اسپین میں رہائش پذیر جرمن شہریوں سے ملاقات کرنے والی تھیں۔

Otto Fricke Vorsitzender des Haushaltsausschusses des Deutschen Bundestages
اُولاشمٹ کو وضاحت پیش کرنے کے لئے پارلیمان کی بجٹ کمیٹی کےسامنے طلب کیا جائے گا، اوٹو فرّکےتصویر: picture-alliance / ZB

وفاقی جرمن پارلیمان کی بجٹ کمیٹی کے فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سربراہ Otto Fricke نے کہا ہے کہ وزیر صحت کو یہ امر واضح کرنا ہوگا کہ انہوں نے اسپین میں جرمن سفارت خانے کی کوئی گاڑی استعمال کیوں نہیں کی۔

"بجٹ کمیٹی کو لازمی طور پر یہ علم ہونا چاہئے کہ آیا اس وزیر نے اپنی سرکاری گاڑی کا استعمال ضابطوں کے اندر رہتے ہوئے کیا؟ میں امید کرتا ہوں کہ ان کا رویہ ضابطوں کے مطابق رہا ہوگا لیکن انہیں یہ وضاحت لازمی طور پر کرنا ہوگی کہ تعطیلات کی جگہ پر سرکاری گاڑی کس طرح کے سرکاری کاموں کے لئے استعمال کی جانا تھی۔"

جرمن وزارت صحت نے اتوار کو اپنے ایک اعلامئے میں کہا تھا کہ کابینہ کے تمام ارکان کی طرح وزیر صحت بھی سرکاری گاڑی کو نجی استعمال میں لانے کا حق رکھتی ہیں۔

اُولاشمٹ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD سے تعلق رکھتی ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے ان کی پارٹی کو نقصان پہنچے گا جو ستمبر کے عام انتخابات کے حوالے سے اب تک کے عوامی جائزوں کے مطابق پہلے ہی چانسلر انگیلا میرکل کی کرسچئن ڈیموکریٹک پارٹیCDU سے 10 پوائنٹ پیچھے ہے۔

رپورٹ: ندیم گل

ادارت: مقبول ملک