1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف فرانس میں عوامی اجلاس

2 نومبر 2011

یورپ اور دیگر خطوں سے آئے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے مخالف ہزاروں شہری دنیا کی بیس بڑی اقتصادی طاقتوں کی تنظیم جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے مقابلے میں عوامی اجلاس کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/133RF
تصویر: dapd

ان افراد نے گزشتہ روز فرانس کے شہر نیس میں سڑکوں پر پر امن طریقے سے احتجاجی مارچ کرکے اپنی عوامی قوت کا مظاہرہ کیا۔ فرانس میں جی ٹوئنٹی کی اہم سربراہی سمٹ رواں جمعرات اور جمعے کو ہو رہی ہے، جس میں عالمی مالیاتی نظام سے متعلق امور پر غور ہوگا۔

اس کے خلاف نیس میں مارچ کرنے والے مظاہرین کا نعرہ تھا، ’’ پہلے عوام ! سرمایہ نہیں!‘‘ جی ٹوئنٹی کے مقابلے پر منعقد کی جارہی اس عوامی اجلاس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں ہیومن رائٹس لیگ، گرین پیس، اٹاک اور اینٹی ریسزم آرگنائزیشن کے تحت یہ سمٹ منعقد کی جارہی ہے۔

G20 Treffen Paris Oktober 2011
جی ٹوئنٹی ممالک کا اجلاس جمعرات اور جمعے کو فرانس میں منعقد ہو رہا ہےتصویر: picture-alliance/Photoshot

گزشتہ روز کے مظاہرے سے متعلق منتظمین کا دعویٰ ہے کہ اس میں دس ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے جبکہ پولیس نے شرکاء کی تعداد کا اندازہ پانچ ہزار بتایا ہے۔ ’عوامی سمٹ‘ کی انتظامیہ کے ترجمان فرانک گائی کے بقول شرکاء کی تعداد ان کے اندازے سے بھی زائد رہی، ’’ ہمیں لوگوں کی جانب سے اچھا ردعمل دیکھنے کو ملا، وہ کھڑکیوں سے ہماری جانب دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے تھے۔ امید ہے کہ حکومتیں عوام کی بات سُنیں گی۔‘‘ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’عوامی سمٹ‘ میں شرکت کے لیے مقامی افراد کے علاوہ اسپین، بیلجیئم، میکسیکو اور برطانیہ تک سے لوگ آرہے ہیں۔ بیشتر نے سروں پر رابن ہڈ طرز کی ٹوپیاں پہن رکھی ہیں اور وہ مالیاتی لین دین پر محصول عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جرمن وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلے اور بعض دیگر یورپی رہنما بھی اس تجویز کے حق میں ہیں تاہم امریکہ، برطانیہ، چین اور بھارت سمیت جی ٹوئنٹی کے بعض دیگر ارکان اس تجویز کے خلاف ہیں۔ اسی باعث اس کا اطلاق ممکن دکھائی نہیں دیتا اور محض یورپی سطح پر یہ محصول عائد کرنے کے عوامی فوائد محدود ہیں۔

منگل کے مظاہرے میں شریک 23 سالہ فرانسیسی شہری بینجمن لیماسلی کا کہنا تھا، ’’میں رابن ہوڈ ہوں۔ میرا مطالبہ ہے کہ فرانسیسی صدر مالیاتی لین دین پر محصول عائد کریں۔ ہم امراء سے دولت لے کر غرباء کو دینے اور دولت کی مساوی تقسیم چاہتے ہیں۔‘‘ بیلجیئم سے آنے والے ایک شہری کا کہنا تھا، ’’ہم انسانیت کا مطالبہ کرنے آئے ہیں اور چاہتے ہیں اور ایسا مالی نظام ہو جو عوامی فلاح کے لیے ہو۔‘‘

Weltweite Proteste gegen Finanzindustrie und Krise Warschau Polen Flash-Galerie
پولینڈ میں سرمایہ دارانہ نظام مخالف ایک مظاہرے کا منظرتصویر: AP

مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری متعین کی گئی تھی۔ فرانسیسی پولیس نے مظاہرے میں شریک تین ہسپانوی شہریوں کو عسکریت پسند بلیک بلاک تحریک کے ارکان ہونے کے شبے پر حراست میں لیا ہے۔ فرانس نے یورپی یونین سے خصوصی اجازت حاصل کرکے اطالوی سرحد پر کسٹم اور بارڈر پوسٹس قائم کیں تاکہ شدت پسند مظاہرین فرانس میں داخل نہ ہوسکیں۔

بالعموم سرمایہ دارانہ نظام اور بالخصوص سرمائے کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ان دنوں عالمی سطح پر ایک تحریک جنم لیتی دکھائی دے رہی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں