1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سانحہ اے پی ایس کے آٹھ سال: ’زخم جو کبھی مندمل نہ ہو سکے‘

16 دسمبر 2022

پاکستانی تاریخ میں دہشت گردی کے اس بدترین واقعے کے آٹھ سال بعد بھی کے پی میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں تیزی نے لوگوں کو ایک بار پھر پریشان کر رکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/4L3Km
 Army Public School Student Memorial Seminar in Peshawar
تصویر: Faridullah Khan/DW

پاکستان میں ستر کی دہائی کے اوائل سے سولہ دسمبر کو ملکی تاریخ میں ایک تاریک دن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے کیونکہ 1971ء  میں اسی روز یہ جنوب ایشیائی ملک دو لخت ہو گیا تھا۔ پھر ٹھیک 43 سالوں بعد اسی روز یعنی سولہ دسمبر 2014ء میں دہشت گردی کے ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری دنیا کو دہلا کر رکھ دیا۔

 Army Public School Student Memorial Seminar in Peshawar
آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہلاک ہونے والے بچوں کی یاد میں ہر سال سولہ دسمبر کو دعائیہ تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔تصویر: Faridullah Khan/DW

آج سے آٹھ سال قبل آرمی پبلک اسکول  پشاور میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ  حملے  میں 132 بچوں سمیت تقریباً 150 بے گناہ لوگ مارے گئے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں اب تک دہشت گردی کا سب سے بدترین حملہ سمجھا جاتا ہے۔ اس کی وجہ حملے کا نشانہ بننے والے اسکول کے بچوں کی کم عمری بھی تھی۔ اس واقعے نے پوری قوم کوایک ایسے صدمے سے دوچار کیا جو آج بھی ان کی یادوں میں تازہ ہے۔

آٹھ سال بعد کہاں کھڑے ہیں؟

تاہم اس حملے کے آٹھ سال بعد حال ہی میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گرد گروہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سرکاری اہلکاروں خصوصاﹰ پولیس پر حملوں سے ملک بھر میں تشویش کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ بہت سے ذہنوں میں یہ سوال اٹھ رہے ہیں کہ آٹھ سال بعد امن و امان کی صورتحال میں کیا بہتری آئی ہے؟

سانحہ اے پی ایس میں ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین اور لواحقین کی تنظیم 'شہدا اے پی ایس فورم‘  کے صدر اجون خان کا کہنا ہے کہ آج اٹھ سال بعد انہیں صرف ایک تبدیلی نظر آتی ہے اور وہ بقول ان کے دہشت گردی کے خلاف عوامی شعور کی بیداری ہے۔

ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ''جب ہمارےبچوں کی قربانی لی گئی تو اس سے ایک فرق پڑا۔ اب لوگ دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے حکومتی اداروں اور سکیورٹی ایجنسیوں کا انتظار نہیں کرتے بلکہ وہ اب خود ہی اس عفریت کے خلاف سڑکوں پر نکل کھڑے ہوتے ہیں۔ آپ مالاکنڈ اور سوات کی حالیہ مثالیں دیکھ سکتے ہیں، جہاں لوگ دہشت گردوں کے خلاف اپنی مدد آپ کے تحت اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔‘‘

 Army Public School Student Memorial Seminar in Peshawar
اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کے زخم کبھی بھی مندمل نہیں ہوسکتےتصویر: Faridullah Khan/DW

کبھی نہ مندمل ہونے والے زخم

اجون خان کے صاحبزادے اسفند خان اے پی ایس میں دسویں جماعت کے طالبعلم تھے۔ وہ اُن 132 بچوں میں شامل تھے جو سولہ دسمبر کو دہشتگردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔

اجون خان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اسفند زندگی سے بھرپور تھا۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے انہوں نے کہا ، ''زندگی نے اسے مہلت نہ دی اور یوں وہ مجھ سے بہت جلد جدا ہو گیا۔ لیکن باقی بچوں کے ماں باپ کا غم دیکھتا ہوں تو کوشش کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہو ان کو سہارا دوں۔ لیکن یہ تو سب کو پتہ ہے کہ ہماری زندگیاں کبھی بھی پہلے جیسی نہیں ہو سکتیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دسمبر کے صرف اسی ایک دن ہی نہیں بلکہ پورے سال کے ہر دن اپنے بچے یاد رہتے ہیں، ''کوئی اولاد کو بھی بھلا سکتا ہے۔ اولاد کی بے وقت جدائی کا زخم تو کبھی مندمل نہیں ہو سکتا۔‘‘

نیشنل ایکشن پلان

آرمی پبلک اسکول پر حملے کے فوری بعد اس وقت مرکز میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ایک کثیر الجماعتی کانفرنس بلائی تھی تاکہ دہشت گردی کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق رائے ہو سکے۔ اس بحث سے کے نتیجے میں ایک بیس نکاتی  نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیا- اس کا مقصد انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور واقعے سے چند ماہ قبل ہی شمالی علاقوں میں ٹی ٹی پی کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے شروع کیے گئے فوجی آپریشن کی تکمیل تھا۔

پشاور میں مقیم اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی حق نواز خان کا کہنا ہے طالبان کی صوبے میں بڑھتی ہوئی کارروائیوں نے یہاں کے لوگوں کو ایک بار پھر خوف و ہراس کا شکار کر دیا ہے۔

Pakistan Swat Aman Protest
اکتوبر میں شدت پسندی کے خلاف منعقد کی گئی سوات امن ریلی تصویر: Shehzad Naveed/DW

ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ''سانحہ اے پی ایس کے بعد دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے ایک نیشنل ایکشن پلان (نیپ) بنایا گیا تھا لیکن بد قسمتی سے اس پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا اور آج صورتحال ہمارے سامنے ہے۔ آرمی اسکول پر حملے کے ذمہ دار اب دوبارہ خطرہ بن کر ابھر رہے ہیں۔ اگر ان کا اس وقت مؤثر خاتمہ ہو جاتا تو یہ صورتحال نہ دیکھنا پڑتی۔‘‘

حق نواز خان نے کہا، ''شروع میں نیپ کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف کچھ آپریشن کیے گئے، لیکن اس میں دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے جو بنیادی اقدامات تھے، ان کو نظر انداز کر دیا گیا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ نیپ میں دہشت گردی کے مقدمات سے نمٹنے کے لیے فوجداری قوانین میں ترامیم کی بھی سفارش کی گئی تھی لیکن اس بارے میں بھی خاطر خواہ قانون سازی نہیں کی گئی۔

حق نواز کے بقول ریاست نے دہشت گردوں کو سزائیں دینے کے لیے فوجی عدالتیں قائم کرنے اور سزائے موت پر سے پابندی اٹھانے جیسے اقدامات پر زیادہ زور دیا۔ ان کے بقول اس نوعیت کے اقدامات سے وقتی فرق تو پڑ سکتا ہے لیکن دہشت گردی کی بیخ کنی نہیں کی جاسکتی۔

Pakistan Ein maskiertes Mitglied der Tehreek-Taliban Pakistan peitscht einen Metzger aus
کے پی کے بعض اضلاع میں طالبان شدت پسندوں کی واپسی نے لوگوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہےتصویر: CHAND KHAN/AFP via Getty Images

طالبان سے بات چیت

حال ہی میں پاکستانی حکام کی طرف سے ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات پر بھی بہت سے حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان مبینہ طور پر افغان طالبان سے بھی مدد لے رہا ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی سے ریاستی مذاکرات کا پہلے بھی کبھی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا اور اب بھی اس کی توقع کم ہے۔

ان تجزیہ کاروں کے مطابق ماضی میں اس طرح کے مذاکرات کا فائدہ صرف ٹی ٹی پی کوپہنچا ہے۔ پاکستان کے ایک انگریزی روزنامے ڈان نے بھی آج سولہ دسمبر کو اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ سوات اور قبائلی اضلاع میں بڑے پیمانے پر انتہا پسندی کے خلاف عوامی ریلیوں کے باوجود ریاست کی طرف سے عسکریت پسندی کے احیاء کو تسلیم کرنے سے انکار کو سمجھنا مشکل ہے۔

اداریے میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ کیا آج ملکی سیاسی قیادت سے اس قسم کی پختگی کی توقع کی جاسکتی ہے آیا وہ اس قابل ہیں کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک بار پھر مل بیٹھیں؟

ش ر⁄ ش ح