سالانہ چینی، امریکی اسٹریٹیجک مذاکرات آج سے واشنگٹن میں
10 جولائی 2013بیجنگ اور واشنگٹن کے مابین یہ سالانہ بات چیت دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہونے والی بہت اہم لیکن غیر روایتی سمٹ کے محض ایک ماہ بعد ہو رہی ہے۔ اس بات چیت کے دوران دونوں ملکوں کے اعلیٰ نمائندے سکیورٹی سے لے کر اقتصادی امور تک مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس بارے میں واشنگٹن سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ یہ مکالمت دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان مزید گہرے ہوتے ہوئے رابطوں کی نشاندہی بھی کرتی ہے اور ان اختلافات کی طرف اشارہ بھی جو بہت گہرے ہیں۔
اسٹریٹیجک اینڈ اکانومک ڈائیلاگ کہلانے والی اس سالانہ بات چیت کا یہ پانچواں دور گزشتہ برس بیجنگ میں ہونے والی ایسی گزشتہ مکالمت کے مقابلے میں مختلف حالات میں منعقد ہو رہا ہے۔ تب اس بات چیت پر ایک ناخوشگوار واقعے کے سائے واضح طور پر محسوس کیے جا سکتے تھے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سال اس بات چیت پر اگرچہ ایسا کوئی واقعہ اثر انداز نہیں ہو رہا تاہم فریقین کے پاس ایسے معاملات کی کوئی کمی نہیں جن پر بھرپور بحث متوقع ہے۔ اس دو روزہ بات چیت میں امریکا اور چین کے کابینہ کے ارکان کی سطح کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔
ان موضوعات میں سے آن لائن سرقہ بازی کے واقعات پر امریکی تشویش، چین کے اتحادی شمالی کوریا کا متنازعہ ایٹمی پروگرام اور چین میں سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے موجود رکاوٹوں پر امریکی عدم اطمینان خاص طور پر قابل زکر ہیں۔ اس کے علاوہ فریقین ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے آپس میں تعاون سے متعلق بھی گفتگو کریں گے۔
اس چینی امریکی مکالمت کا افتتاح امریکی نائب صدر جو بائڈن کریں گے۔ اسٹیٹ دیپارٹمنٹ میں ہونے والی بات چیت میں امریکی ٹیم کی قیادت وزیر خارجہ جان کیری کریں گے، جو کل منگل کے روز بوسٹن سے واپس واشنگٹن پہنچے تھے۔ وہ بوسٹن اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے گئے تھے جو اس وقت وہاں ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
واشنگٹن میں محکمہ خزانہ میں ہونے والی چینی امریکی مکالمت میں امریکی وفد کی قیادت وزیر خزانہ جیکب لیُو کریں گے، جن کے ساتھ امریکا کے ایک درجن سے زائد سرکاری محکموں اور اداروں کے سربراہان بھی وہاں موجود ہوں گے۔
اس ڈائیلاگ میں چینی وفد کی سربراہی نائب وزیر اعظم وانگ یانگ کریں گے اور ان کے ساتھ اسٹیٹ کونسلر یانگ جی ایچی بھی موجود ہوں گے۔
امریکا اور چین کے مابین یہ بات چیت شروع میں صرف اقتصادی اور تجارتی نوعیت کی ہوتی تھی۔ لیکن گزشتہ چند برسوں سے یہ سالانہ مذاکرات ہر قسم کے موضوعات پر کثیر الجہتی تبادلہ خیال کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ اب اس موقع پر دو طرفہ امور کے علاوہ اسٹریٹیجک معاملات پر بھی گفتگو کی جاتی ہے۔