سابق جرمن چانسلر پر مقدمہ، مدعی منگیتر کا سابقہ شوہر
30 اپریل 2018جنوبی کوریائی خبر رساں ادارے یونہاپ کے مطابق سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروئڈر کی منگیتر کے سابقہ شوہر نے کہا ہے کہ شروئڈر کے ان کی سابقہ اہلیہ کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات تھے۔ انہوں نے اس وجہ سے خود کو پہنچنے والے کرب کی تلافی کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے تقریباً ستتر ہزار یورو ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اس رپورٹ میں مدعی کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔ اس شخص کے مطابق شروئڈر نے اس کی سابقہ اہلیہ کے ساتھ اس وقت جنسی روابط قائم کیے، جب وہ دونوں ابھی شادی شدہ تھے۔ یونہاپ نے سیئول کی ایک عدالت میں پیش کی گئی ایک دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، ’’ہماری شادی آخرکار ختم ہو گئی اور اس کے ذمہ دار کو قانونی سزا ملنی چاہیے۔ میں نے طلاق کے کاغذات پر اس وجہ سے دستخط کیے تھے کہ میری بیوی نے مجھے یقین دلایا تھا کہ وہ شروئڈر سے علیحدگی اختیار کر لے گی۔‘‘
سب سے بڑی روسی تیل کمپنی، ڈائریکٹرز میں سابق جرمن چانسلر بھی
’سابق جرمن چانسلر شروئڈر روس کے لیے لابی کرتے ہیں‘
سؤیون کِم اور ان کے سابق شوہر کی طلاق گزشتہ برس نومبر میں ہوئی تھی۔ تاہم شروئڈر اور جنوبی کوریائی شہری کِم کے رشتے کی تصدیق ستمبر 2017ء میں ہی ہو گئی تھی۔ جنوری میں کِم اور شروئڈر نے اعلان کیا تھا کہ وہ شادی کے بندھن میں بندھنا چاہتے ہیں۔ 74 سالہ شروئڈر کی یہ پانچویں شادی ہو گی۔ ماضی میں جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے شروئڈر 1998ء سے 2005ء تک جرمنی کے چانسلر رہے تھے۔
کِم سابق جرمن چانسلر سے عمر میں چھبیس برس چھوٹی ہیں۔ وہ مترجم کے طور پر گیرہارڈ شروئڈر کے لیے کام کرتی تھیں۔ جنوبی کوریا میں 2015ء تک غیر ازدواجی جسمانی تعلقات کو ایک جرم سمجھا جاتا تھا۔