1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رونالڈو کی واپسی، ’مقابلہ جاندار ہو گا‘

عاطف بلوچ28 مئی 2016

چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ ہفتے کی شب دو ہسپانوی کلبوں کے مابین ہو رہا ہے۔ ’ریال میڈرڈ‘ اور ’ایتلیٹیکو میڈرڈ‘ کے مابین جاندار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IwMV
Portugal Nationalmannschaft Cristiano Ronaldo in Braga
اسٹار پرتگیزی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو فٹ ہو چکے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/F. Leong

اٹھائیس مئی بروز ہفتہ میلان کا سان سیرو اسٹیڈیم کو دولہن کی طرح سجا دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں ایک میلے کا سماں برقرار ہے۔ چمپئنز لیگ کے اس اہم فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے نہ صرف اٹلی بلکہ دیگر یورپی ممالک کے شائقین بھی جوق درجوق میلان کا رخ کر رہے ہیں۔

چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل ریکارڈ دس مرتبہ اپنے نام کرنے والا اہم یورپی کلب ریال میڈرڈ ایک مرتبہ پھر کامیابی کے لیے پرامید ہے۔ سن 1956 میں پہلی مرتبہ منعقد کیے جانے والے اس اہم یورپی چیمپئن شپ مقابلے کا ٹائٹل بھی ریال میڈرڈ نے اپنے نام کیا تھا۔

اسٹار پرتگیزی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو فٹ ہو چکے ہیں اور وہ اس میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ رونالڈ نے منگل کے دن پریکٹس سیشن کے بعد کہا تھا کہ وہ سو فیصد فٹ ہو چکے ہیں اور اس فائنل میچ میں اپنے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

ریال کے کوچ زیڈان نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اسٹار کھلاڑی رونالڈو اس میچ میں اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو گیارہویں مرتبہ یہ ٹائٹل جتوانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

زیڈان کا بطور کوچ یہ پہلا فائنل ہے، ’’رونالڈو مکمل فٹ ہو چکا ہے۔ وہ چیمپئنز لیگ کا فائنل کھیلے گا۔‘‘ فرانسیسی کھلاڑی زیڈان نے سن 2002 میں ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے چیمئنز لیگ کا فائنل جیتا تھا۔

دوسری طرف ’ایتلیٹیکو میڈرڈ‘ کی شاندار کامیابیوں کے باعث ایسے اندازے بھی لگائے جا رہے ہیں کہ یہ اپنے حریف کلب کو کڑا وقت دے گا۔ اس کلب نے حال ہی میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ارجنٹائن کے سابق کھلاڑی ڈیاگو سیمونے کی کوچنگ میں ایتلیٹیکو میڈرڈ کی کارکردگی میں واضح فرق دیکھا جا رہا ہے۔

Spanien Trainer Diego Simeone Atletico Madrid
ارجنٹائن کے سابق کھلاڑی ڈیاگو سیمونے کی کوچنگ میں ایتلیٹیکو میڈرڈ کی کارکردگی میں واضح فرق دیکھا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/J. Cardenas

ایتلیٹیکو میڈرڈ کے سٹار کھلاڑی انٹونیو گریزمان سیمونے کا اہم ہتھیار تصور کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں سات گول اسکور کیے ہیں اور اپنی بھرپور فارم میں ہیں۔ اسی طرح ٹورس اور فرنانڈو سے بھی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں کہ وہ ریال میڈرڈ کا مضبوط دفاع توڑنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

میلان میں چیمپئنز لیگ کا چوتھا فائنل منعقد کیا جا رہا ہے۔ آخری مرتبہ وہاں یہ فائنل 2001ء میں کھیلا گیا تھا، جس میں جرمن کلب بائرن میونخ نے ویلنسیا کو شکست دی تھی۔

آر اینڈ بی اسٹار ایلیسیا کیز آج شب اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں براہ راست اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ مجموعی طور پر نو منٹ ڈورانیے کی اس تقریب میں چار سو رقاص بھی شرکت کریں گے۔