1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

روسی افواج مشرقی یوکرینی شہر سیویروڈونیٹیسک میں داخل

30 مئی 2022

مشرقی یوکرین کے علاقے میں روس کی فوج کشی کے بعد شدید لڑائی جاری ہے۔ اب روسی افواج ایک گنجان آباد شہر سیویروڈونیٹیسک میں داخل ہو گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4C2nv
Ukraine Severodonetsk
تصویر: Aris Messinis/AFP/Getty Images

روسی افواج مشرقی یوکرینی شہر سیویروڈونیٹیسک میں داخل ہو گئی ہیں۔ انہیں شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر شدید مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

روسی افواج کئی دنوں سے سیویروڈونیٹیسک پر شدید گولہ باری کر رہی تھیں اور اب آج تیس مئی کو اس شہر کا محاصرہ کرنے والی روسی فوجیں شہری حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئیں ہیں۔ اس خبر کی تصدیق مقامی میئر اولیکسانڈر سئیوک نے نیوز ایجنسی اے پی کو دیے گئے ایک بیان میں کی۔

یوکرین: زیلنسکی کا پہلی مرتبہ خارکیف کا دورہ، سکیورٹی چیف برطرف

مبصرین اور نامہ نگاروں نے سیویروڈونیٹیسک کو ایک اور ماریوپول قرار دیا ہے۔ اس شہر میں داخل ہوتے ہی روسی فوجیوں نے بجلی اور  مواصلات کے نظام کو منقطع کر دیا ہے۔ شہر کے میئر اولیکساندر سئیوک نے نیوز ایجنسی اے پی کو یہ بھی بتایا کہ سارا شہر اس وقت تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

Ukraine | Kriegsgeschehen in Siewierodonezk
یئر اولیکساندر سئیوک نے بتایا ہے کہ سارا شہر اس وقت تباہی کا منظر پیش کر رہا ہےتصویر: 2022 Maxar Technologies/AP/picture alliance

سیویروڈونیٹیسک کی جنگ

مبصرین کو اس کا یقین ہو چکا ہے کہ روس مشرقی یوکرینی پٹی پر قبضے کی کوشش میں ہے اور اس مقصد کے لیے سیویروڈونیٹیسک پر قبضہ نہایت اہم ہے اور اب روس اس مقصد کے حصول میں کسی حد تک کامیاب ہو گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق روسی افواج کو شہر کی گلیوں میں یوکرینی دفاعی افواج کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ دفاعی دستوں کی کوشش ہے کہ روسی فوج کی پیش قدمی کو روکا جائے۔

مغرب یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے سے خبردار رہے، پوٹن

سیویروڈونیٹیسک کے میئر نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ روسی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور لڑائی میں بہت زیادہ شدت پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ہلاک شدگان اور زخمیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

میئر اولیکسانڈر سئیوک کا کہنا ہے کہ سیویروڈونیٹیسک کی بیشتر آبادی نقل مکانی کر چکی ہے اور اس وقت بارہ سے تیرہ ہزار شہری موجود ہیں۔

Ukraine Donbas Sjewjerodonezk Kämpfe
روسی افواج کئی دنوں سے سیویروڈونیٹیسک پر شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: Alexander Ermochenko/REUTERS

مشکل صورتِ حال

یوکرین صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ سیویروڈونیٹیسک کو انتہائی نامساعد حالات کا سامنا ہے اور اس مشکل صورتِ حال میں شہر کا بنیادی ڈھانچہ پوری طرح تباہ کر دیا گیا ہے اور نوے فیصد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔

شہر کے میئر اولیکسانڈر سئیوک کا کہنا ہے کہ اب تک کی لڑائی میں قریب ڈیڑھ ہزار شہریوں کی موت ہو چکی ہے اور اب شہر میں علاج معالجے کی سہولیات محدود ہو چکی ہیں اور ہر قسم کی ادویات کی بھی شدید قلت ہے۔

یوکرینی فوج کا بیان

یوکرینی فوج کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ روس اس وقت بھی سیویروڈونیٹیسک کی جانب فوجی کمک روانہ کر رہا ہے۔ اس کمک میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی شامل ہے۔ یوکرینی فوج نے یہ بھی بتایا کہ ڈونیٹسک کے اردگرد بھی شدید جنگ جاری ہے اور اس علاقے میں بھی روسی فوج کی قوت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

سیئویرو ڈونیٹسک پر روسی حملوں میں 15 سو افراد ہلاک، یوکرین

لوہانسک علاقے کے یوکرینی گورنر سیرہی ہائدائی نے بتایا ہے کہ روسی فوج سیویروڈونیٹیسک کے علاوہ ایک قریبی قصبے لیشچانسک پر بھی دباؤ بڑھا رہی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سیویروڈونیٹیسک اور لیشچانسک دریائے سیوسکی ڈونیٹسک کے کناروں پر اسٹریٹیجک نوعیت کے شہر ہیں۔ لوہانسک میں یہ دونوں مقامات یوکرینی فوج کے کنٹرول میں آخری علاقے بتائے جاتے ہیں۔

Ukraine | Ukrainische Streitkräfte in der Stadt Sjewjerodonezk
سیوروڈونیٹسک میں یوکرینی فوجی گشت کرتے ہوئےتصویر: ANATOLII STEPANOV/AFP

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے فرانسیسی ٹیلی وژن TF1 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ماسکو کی بنیادی ترجیح ڈونیٹسک اور لوہانسک علاقوں کو آزاد کروانا ہے کیونکہ روس انہیں آزاد ریاستوں کے طور پر دیکھتا ہے۔

سیویروڈونیٹیسک کا شہر مشرقی یوکرین کے شورش زدہ علاقے لوہانسک میں واقع ہے اور اس کا مطلب 'شمالی ڈونیٹسک‘ کے ہیں۔ اس کی آبادی ایک لاکھ سے زائد ہے۔ یہ شہر روسی سرحد سے ایک سو تینتالیس کلو میٹر کی دوری پر ہے۔

ع ح/ع ا  (اے پی)