رنگوں کا تہوار، ہولی کے بارے میں پانچ حقائق
7 مارچ 20231۔ ہولی کی ابتدا
ہندو کیلنڈر کے مطابق ہولی کا تہوار ہر سال موسم سرما کے آخری پورے چاند کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ روایتی طور پر یہ تہوار شمالی بھارت کے مختلف علاقوں میں منایا جاتا ہے لیکن یہ عوامی سطح پر مشہور پورے ملک میں ہے۔
دیو مالائی سطح پر کہا یہ جاتا ہے کہ شیطانوں کے بادشاہ نے ہر کسی سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے خدا مان کر اس کی عبادت کی جائے۔ مگر اس کے اپنے ہی بیٹے نے اس مطالبے کی مخالفت کی تو بادشاہ ناراض ہو گیا۔ اس نے اپنے بیٹے کو مارنے کے کئی منصوبے تیار کیے لیکن عملاﹰ ایسا کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔ پھر بادشاہ کی بہن نے اس بات کو اپنا مشن بنا لیا کہ اپنے بھتیجے کو مار کر ہی بیٹھے گی۔ مگر اس کا بھی نتیجہ یہ نکلا کہ بادشاہ کی بہن تو آگ میں جل کر ہلاک ہو گئی مگر بادشاہ کا اپنے والد سے اختلاف کرنے والا بیٹا پھر بھی زندہ رہا۔
بھارت کے کئی علاقوں میں ہولی کا تہوار موسم سرما کے خاتمے اور گرم موسم کی ابتدا کے طور پر منایا جاتا ہے۔ لیکن ساتھ ہی اس کی ایک سماجی علامتی حیثیت نیکی کی بدی پر فتح کی بھی ہے۔ شمالی بھارت میں یہی تہوار ہندو دیوتا کرشنا کے رادھا سے پیار کی علامت کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔
2۔ ہولی کے روایتی کھانے
ہولی کے تہوار کے موقع پر تمام خوشیاں خاص طرح کے کھانوں سے بھی جڑی ہوتی ہیں، جو اس موقع پر پکائے جاتے یا تیار کیے جاتے ہیں۔ اس تہوار سے ایک دن پہلے عام گھروں میں روایتی طور پر خواتین کشمش اور مختلف خشک میوہ جات کی گریوں کے ساتھ بنائی گئی ایک سویٹ ڈش 'گجیا‘ تیار کرتی ہیں، جو شوق سے کھائی جاتی ہے۔ ہولی کی دیگر روایتی ڈشوں میں مالپوا اور لڈو کے نام بھی لازمی طور پر لیے جانا چاہییں۔
3۔ ہولی کے روایتی مشروبات
ہولی کے تہوار کو عام طور پر ہلکے نشے کے لیے پیے جانے والے اس مشروب کے بغیر نامکمل سمجھاتا ہے، جو بھنگ سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھنگ سے تیار کردہ گاڑھا نشہ آور محلول مختلف مٹھائیوں کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح بادام اور دودھ سے تیار کیا گیا وہ مشروب بھی بہت پسند کیا جاتا ہے، جس میں بھنگ بہرحال استعمال کی جا تی ہے۔
4۔ ہولی کا دن
ہولی کے دن کی خوشی کی تقریبات کا آغاز ایک شام پہلے اس طرح کیا جاتا ہے کہ خاندان کے سبھی افراد یا کئی خاندان مل کر درمیان میں آگ جلا کر خوشیان مناتے اور رقص کرتے ہیں۔ ہولی کے دن سب لوگ مل کر ناشتہ کرتے ہیں اور پھر اہل خانہ اور دوست احباب سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔
اس دوران خوشی سے جھومتے گاتے لوگوں سے نعروں کی صورت میں جو ایک بات بار بار سننے کو ملتی ہے وہ ہوتی ہے: ''ہولی ہے، ہولی ہے۔‘‘
ہولی مناتے ہوئے ہر کوئی دوسروں پر طرح طرح کے رنگ پھینکتا ہے۔ لیکن اگر رنگ دستیاب نہ ہو، تو یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے خوشیاں مناتے ہوئے لوگ ایک دوسرے کو کیچڑ میں پھینک دیتے ہیں۔ بھارت میں ماتھورا کے علاقے میں تو ہولی اس طرح بھی منائی جاتی ہے کہ بہت سی عورتیں تفریحاﹰ ہاتھوں میں ڈنڈے پکڑے ہنستی مسکراتی دوڑتے بھاگتے مردوں کی پٹائی کرتی نظر آتی ہیں۔
5۔ ہولی کے گیت
ہولی کے موقع پر لوگ عموماﹰ رقص کرتے ہوئے جو گیت گاتے ہیں، وہ روایتی لوک گیت بھی ہوتے ہیں اور بالی وڈ کی فلموں کے مشہور گانے بھی۔ یہ بھی ہوتا ہے کہ ہر شہر کے مختلف علاقوں میں مذہبی یا ثقافتی گیت اونچی آواز میں لاؤڈ اسپیکروں پر بجائے جاتے ہیں اور ہر طرف رنگوں، خوشیوں، رقص اور موسیقی کے شورسے عبارت ایسا ماحول نظر آتا ہے کہ کچھ بھی دیکھتے یا سنتے ہی ہر کوئی سمجھ جاتا ہے کہ ہولی منائی جا رہی ہے۔
م م / ک م (مانسی گوپالاکرشنن)