راہول گاندھی کانگریس کے نائب صدر منتخب
20 جنوری 2013سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے صاحبزادے راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر منتحب کیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کانگریس آئندہ انتخابات میں انہیں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کھڑا کرے گی۔
ہفتے کے روز کانگریس کے ترجمان جناردھن دوئویدی نے صحافیوں کو بتایا کہ بیالیس سالہ راہول گاندھی کو جے پور میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے منتخب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’اس فیصلے سے جماعت طاقتور اور کانگریس کی صدر کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔‘‘
اس اعلان کے سامنے آتے ہی کانگریس کے کارکنوں نے آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
کانگریس پارٹی کے بہت سے عہدیدار یہ سمجھتے ہیں کہ راہول گاندھی کو دو ہزار چودہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر اتارا جائے۔ واضح رہے کہ راہول کے والد راجیو گاندھی، دادی اندرا گاندھی، اور پڑ دادا نہرو سبھی بھارتی وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔
دوئویدی نے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا ان کی جماعت راہول کو وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ آئندہ کسی وقت کیا جائے گا۔
مبصرین کے مطابق بھارت میں آئندہ انتخابات کا اسٹیج تیار ہو چکا ہے اور اس کے دو اہم کھلاڑی اپوزیشن جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کے نریندر مودی اور کانگریس کے راہول گاندھی ہوں گے۔
کانگریس کو اس وقت بد عنوانی سے متعلق متعدد اسکینڈلز کا سامنا ہے۔ کانگریس اتر پردیش، گجرات اور پنجاب کے ریاستی انتخابات بھی ہار چکی ہے۔ ایسے میں مبصرین کی رائے ہے کہ نوجوان راہول گاندھی کانگریس کو دو بارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر سکتے ہیں۔
(shs /ng (dpa, AFP, AP