1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو جرمن بزرگ میوزک فیسٹیول کی خاطر نرسنگ ہوم سے فرار ہوئے

6 اگست 2018

جرمنی میں ایک نرسنگ ہوم نے پولیس کو دو معمر افراد کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ پولیس نے ’میٹل میوزک‘ کے دلدادہ ان دونوں بوڑھے جرمنوں کو شب تین بجے ’واکِن اوپن ایئر میٹل فیسٹیول‘ میں ڈھونڈ لیا۔

https://p.dw.com/p/32hpD
Deutschland Wacken Festival 2018
تصویر: Getty Images/G. Wetzler

جرمنی کے ایک نرسنگ ہوم میں مقیم دو معمر جرمن شہریوں کو اس اولڈ ہوم سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ جمعہ تین اگست کے روز نرسنگ ہوم کی انتظامیہ کو جب یہ دونوں بزرگ نہ ملے تو انہوں نے پولیس کو ان کی گمشدگی کی اطلاع دے دی۔

دراصل یہ دونوں ریٹائرڈ اور معمر جرمن شہری ’میٹل میوزک‘ کے دلدادہ تھے۔ جرمنی میں ان دنوں چار روزہ ’واکن اوپن ایئر میٹل فیسٹیول‘ جاری تھا، جسے دنیا کا سب سے بڑا ’ہیوی میٹل فیسٹیول‘ قرار دیا جاتا ہے۔

Wacken 2018: Mad about heavy metal

پولیس نے رات تین بجے ان دنوں معمر افراد کو تلاش کر لیا۔ دونوں بزرگ جرمن صوبے شلیسوِگ ہولسٹائن میں جاری ’ہیوی میٹل فیسٹیول‘ میں موجود تھے۔

پولیس کی خاتون ترجمان میرلے نوئے فیلڈ کا کہنا تھا کہ جب پولیس ان تک پہنچی تو دونوں بزرگ ’بد حواس اور چکرائے‘ ہوئے تھے۔

اس کیفیت کے باوجود موسیقی کے دلدادہ یہ دونوں بزرگ افراد چار روزہ میلہ چھوڑ کر واپس نرسنگ ہوم جانے کو تیار نہ تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق، ’’یقینی طور پر انہیں میٹل فیسٹیول بہت پسند تھا۔ تاہم جب پولیس ان تک پہنچ گئی تو نرسنگ ہوم کی انتظامیہ نے ان کی فوری واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کر دیا۔‘‘

اس برس 29ویں سالانہ فیسٹیول میں پچہتر ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ میلے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس فیسٹیول کے اگلے برس کے لیے بھی پچاس ہزار سے زائد ٹکٹس ابھی سے فروخت ہو چکی ہیں۔

ش ح/ ع ت (ایلیسٹر واش)