1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں ساڑھے چھ کروڑ سے زائد انسان ہجرت پر مجبور ہوئے

شمشیر حیدر AFP/dpa
19 جون 2017

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سال 2016 کے آخر تک دنیا بھر میں خانہ جنگی، تشدد اور جبر کے باعث اپنے گھر چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہونے والے انسانوں کی تعداد 65.6 ملین تھی جو انسانی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/2euog
Griechenland Flüchtlingscamp Moria Symbolbild
تصویر: Getty Images/AFP/A. Messinis

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے شائع کی گئی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 2016 میں اس سے ایک سال پہلے کی نسبت تین لاکھ جب کہ سن 2014 کے مقابلے میں چھ ملین زیادہ انسان اپنے گھروں سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔

’یورپ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے نہیں دیے جائیں گے‘

بیس جون بروز منگل ’ورلڈ ریفیوجی ڈے‘ منایا جا رہا ہے، اس سے ایک دن قبل جاری کی جانے والی اس رپورٹ کے حوالے سے یو این ایچ سی آر کے سربراہ فیلیپو گرانڈی کا کہنا تھا، ’’جب سے ہم نے اعداد و شمار جمع کرنا شروع کیے ہیں، اس وقت سے اب تک دنیا میں مہاجرین کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ یہ اعداد و شمار کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں اور یہ اس بات کا بھی تقاضا کرتے ہیں کہ عالمی بحرانوں کو یکجہتی کے ساتھ حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔‘‘

صرف گزشتہ سال کے دوران عالمی سطح پر 10.3 ملین لوگ بے گھر ہوئے، جن میں سے چونتیس لاکھ انسانوں نے بین الاقوامی سرحدیں عبور کر کے دوسرے ممالک میں مہاجرت اختیار کی۔

گرانڈی کا مزید کہنا تھا، ’’ان اعداد و شمار کا مطلب یہ ہے کہ دنیا میں ہر تین سیکنڈ بعد ایک انسان مہاجرت اختیار کرنے پر مجبور ہو رہا ہے، اتنے وقت میں تو ایک جملہ بھی نہیں پڑھا جا سکتا۔‘‘ مہاجرت اختیار کرنے والے انسانوں کی اکثریت کا تعلق شام، عراق اور کولمبیا سے ہے۔

مہاجرت پر مجبور زیادہ تر انسانوں نے اپنے وطن کے اندر ہی ہجرت کی۔ گزشتہ برس کے اختتام تک دنیا بھر میں آئی ڈی پیز کی تعداد چالیس ملین سے زیادہ رہی۔ یو این ایچ سی آر کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دوسرے ممالک کی جانب ہجرت کرنے والے 22.5 ملین افراد میں سے نصف تعداد اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی تھی۔

مسلسل چھ سال سے خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے 5.5 ملین افراد نے دوسرے ممالک کی جانب ہجرت کی۔ یہ تعداد شام کی مجموعی آبادی کا ایک تہائی بنتی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا کہنا تھا کہ دنیا شامی تنازعے کو بھولتی جا رہی ہے۔ انہوں نے جنوبی سوڈان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورت حال کا بھی تذکرہ کیا۔ سن 2013 کے اختتام سے لے کر اب تک جنوبی سوڈان کے 3.7 ملین شہری بھی ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ستر برس قبل فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے بعد سے لے کر اب تک 5.3 ملین فلسطینی بھی دوسرے ممالک میں بطور مہاجر رہنے پر مجبور ہیں۔

جرمنی میں نئی زندگی (2): کسے پناہ ملے گی اور کسے جانا ہو گا؟

جرمنی میں نئی زندگی (1): آمد کے بعد کیا ہوتا ہے؟