دنيا بھر کے بچوں ميں مقبول مکی ماؤس، اب ہو گيا نوے برس کا
بڑے پردے پر مکی ماؤس کے کيريئر کا آغاز اٹھارہ نومبر سن 1928 کے روز ہوا تھا۔ گزرتے وقت کے ساتھ مکی ماؤس مختلف فلموں اور کارٹون سيريز کا حصہ بنا اور آج اسے عالمی سطح پر مقبوليت حاصل ہے۔
مکی ماؤس اور اس کے تخليق کار والٹ ڈزنی
بہت کم لوگ يہ جانتے ہيں کہ مکی ماؤس کے کيريئر کا آغاز ايک متبادل کے طور پر ہوا تھا۔ والٹ ڈزنی کا پہلا اسٹار ’اوزوالڈ دا لکی ريبٹ‘ نامی کارٹون تھا۔ تاہم ڈزنی اس کارٹون کے حقوق کھو بيٹھے اور يوں مکی ماؤس وجود ميں آيا۔ ابتداء ميں اس کا نام ’مورٹيمر‘ رکھا جانا تھا ليکن يہ نام ڈزنی کی شريک حيات کو نہ بھايا اور انہوں نے ’مکی‘ نام کا مشورہ ديا۔
بڑے پردے پر مکی ماؤس کے کيريئر کا آغاز
مکی ماؤس اٹھارہ نومبر سن 1928 کے روز فلم ’اسٹیم بوٹ ویلی‘ میں پہلی بار امریکی شہر نیویارک کے کالونی تھیٹر کے پردے پر نمودار ہوا۔ يہ آٹھ منٹ کی کارٹون فلم تھی۔ ڈزنی اس وقت کی روایت یا دستور کے مطابق متحرک فلمیں بنایا کرتا تھا تاہم مکی ماؤس کی ڈیبو فلم ’اسٹیم بوٹ‘ والٹ ڈزنی نے باصدا بنا دی۔ اس طرح یہ فلم پہلی آواز کی حامل انیمیٹڈ یا متحرک فلم قرار پائی۔
ناکام فلم ۔ ’پلين کريزی‘
يہ بات بھی بہت کم ہی لوگ جانتے ہيں کہ مکی ماؤس ’اسٹيم بوٹ ولی‘ سے پہلے ’پلين کريزی‘ نامی ايک پروڈکشن کا حصہ تھا تاہم يہ خاموش فلم وقت پر ريليز نہ ہو سکی۔ فلم ميں مکی نے پائلٹ چارلز لنڈبرگ کا کردار ادا کيا، جو اٹلانٹک پر پرواز کرنے والے پہلے پائلٹ تھے۔
مکی ماؤس کی دنيا رنگين
سن 1935 تک مکی ماؤس کو صرف بليک اينڈ وائٹ فلموں ميں ہی ديکھا جاتا رہا تاہم پھر ٹيکنالوجی کے ميدان ميں ترقی کے پيش نظر يہ کارٹون رنگوں ميں آنے لگا۔ والٹ ڈزنی نے اپنی ہی آواز ميں مکی ماؤس کی ريکارڈنگ کرائی۔ يہ تصوير در اصل تکنيکی اعتبار سے اپنے وقت سے بہت پہلے کی ثابت ہوئی۔ يہی وجہ ہے کہ سن 1990 کی دہائی تک اينيميشن کارٹونز ميں اسے ديکھ کر بہت کچھ سيکھا جاتا رہا۔
مکی ماؤس کی پہلی فيچر فلم اور آسکر ايوارڈ
سن 1939 کے بعد سے ايک اور کاٹون کردار ’ڈونلڈ ڈک‘ بھی بے حد مقبول ہونے لگا۔ یہ وقت تھا کہ جب والٹ ڈزنی نے اپنے پسنديدہ مکی ماؤس کو ايک فيچر فلم کا حصہ بنانے کا فيصلہ کيا۔ ’فانٹاسيا‘ ايک آزمائشی فلم تھی مگر يہ اينيميشن اور ميوزک کی ايک اعلٰی ترين مثال ثابت ہوئی۔ ڈزنی کو سن 1942 ميں اسی فلم پر آسکر ايوارڈ سے بھی نوازا گيا۔
مکی ماؤس اور کرسمس
سن 1983 ميں ’مکیز کرسمس اسٹوری‘ کے ساتھ مکی ماؤس کا کردار پھر کاميابيوں کی بلنديوں کو چھونے لگا۔ اس فلم کو آسکر کے ليے نامزد بھی کيا گيا۔ پھر پانچ برس مکی ماؤس کے کردار نے آسکر ايوارڈز کی تقاريب ميں سب سے عمدہ اينيميشن فلم کا ايوارڈ جيتنے والے کا اعلان بھی کيا۔
مکی ماؤس صدی کے پھيرے پر بھی مقبول
اس تصوير ميں مکی ذرا اداس دکھائی ديتا ہے ليکن گھبرائيے نہيں، يہ ’دا پرنس اينڈ دا بيگر بوائے‘ کا ايک منظر ہے، جو سن 1990 کی دہائی ميں کافی مقبول ہوئی تھی۔ اس کا مرکزی کردار مکی نے ہی ادا کيا تھا۔
مکی اور منی کی محبت
اگرچہ ان دونوں کی دوستی ميں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، مکی اور منی کو ايک دوسرے سے جدا کرنا نا ممکن بات ہے۔ در اصل منی ماؤس نے بھی اپنے کيريئر کا آغاز سن 1928 کی فلم ’اسٹیم بوٹ ویلی‘ سے ہی کيا تھا، جس ميں وہ ايک سيکرٹری اور رپورٹر تھی۔ منی کو لال رنگ کے کپڑے اور پھول بہت پسند ہيں اور مکی کو منی بہت پسند ہے۔
مکی کے بہت سے دوست احباب بھی ہيں
پلوٹو کا کيريئر سن 1930 ميں شروع ہوا۔ شروع ميں اس کا نام ’روور‘ تھا۔ پلوٹو مکی کا پکا دوست ہے اور اکثر اس کی مدد کرتا دکھائی ديتا ہے۔ خطرے کا بھی پلوٹو کو قبل از وقت پتہ لگ جاتا ہے۔
مکی کا سب سے اچھا دوست گُوفی
گُوفی ذرا سا سست اور ذرا بے وقوف بھی ہے ليکن ہے يہ مکی کا سب سے پکا دوست۔ گُوفی کا کيريئر سن 1930 ميں شروع ہوا تھا۔ آج يہ دونوں گہرے دوست ہيں اور کئی معروف سيریز اور فلموں کی زينت بن چکے ہيں۔
مکی ماؤس جريدہ بھی مقبول
مکی ماؤس کامک بکس ميں سب سے پہلے سن 1931 ميں نمودار ہوا۔ وہاں بھی اسے فوری شہرت ملی۔ يورپ ميں اٹلی مکی کی کامک کتابوں کے حوالے سے سب سے نماياں ملک رہا۔ جرمنی ميں ماہانہ مکی ماؤس جريدہ سن 1951 سے جاری ہے، جو آج بھی بے حد مقبول ہے۔
ڈزنی لينڈ پارکس
دنيا کے پہلے ڈزنی لينڈ پارک نے اپنے دروازے کيليفورنيا ميں سن 1955 ميں کھولے۔ اب دنيا بھر ميں چھ مختلف ڈزنی لینڈ پارکس قائم ہيں، ٹوکيو سے لے کر پيرس تک۔ ان پارکس کا رخ کرنے والے مختلف کارٹون کرداروں کے علاوہ انوکھی نوعيت کے تفريحی پروگراموں سے لطف اندوز ہو سکتے ہيں۔