دفاعی چیمپئن، چیمپئن شپ سے باہر
27 جون 2018گزشتہ قریب آٹھ دہائیوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے سلسلے میں آج بدھ 27 جون کو گروپ ایف کے دو اہم میچ کھیلے گئے۔ ان میچوں سے قبل اس گروپ میں شامل تمام ٹیموں کے لیے امکانات موجود تھے کہ وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیں۔
روسی شہر کازن میں کھیلا گیا جرمنی اور جنوبی کوریا کا میچ آخری منٹوں تک برابر رہا تاہم جنوبی کوریا کے کھلاڑی کِم یَنگ گون نے ایک شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ لائن ریفری کی طرف سے گون کو ابتداء میں آف سائیڈ قرار دے دیا گیا تھا تاہم ریوو کے بعد ریفری نے جنوبی کوریا کے حق میں فیصلہ دے دیا اور یوں جنوبی کوریا نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
تاہم دوسرا گول جرمن ٹیم اور جرمن فٹبال شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوس کُن ثابت ہوا جب جرمنی کے گول کیپر مانویل نوئر اپنی ٹیم کی مدد کے لیے جنوبی کوریا کی ڈی میں پہنچے ہوئے تھے۔ اسی دوران جنوبی کوریا کے فارورڈ سَن ہونگ مِن نے انتہائی آسانی کے ساتھ جرمنی کے خلاف دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔
گروپ ایف ہی کے دوسرے میچ میں سویڈن نے میکسیکو کو تین صفر سے شکست دے کر اس گروپ میں سرفہرست جگہ حاصل کر لی۔ میکسیکو اس شکست کے باجود جنوبی کوریا کی فتح کے باعث گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اس طرح اس گروپ میں سے سویڈن اور میکسیکو نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
1938ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی ابتدائی مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔