دبئی ٹیسٹ: یونس خان اور اظہر کا اعلیٰ کھیل
4 فروری 2012یونس خان اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 194 رنز بنا لیے ہیں۔ یونس خان نے اپنے کیریئر کی بیسویں سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے115 رنز بنائے۔ اظہر علی نے بھی آج عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے دن کے اختتام تک وہ 75 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور ننانوے کے جواب میں آج انگلش ٹیم 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اوپنر توفیق عمر چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور اٹھائیس تھا کہ محمد حفیظ بھی اکیس کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
یونس خان اور اظہر علی نے جب شراکت کا آغاز کیا تو پاکستانی ٹیم شدید دباؤ کا شکار تھی۔ لیکن دونوں کھلاڑیوں نے محتاط طریقے سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بالخصوص یونس خان نے اسکور بنانے کا کوئی موقع ضائع نہ جانے دیا۔ آج دوسرے دن کے کھیل میں لنچ کے بعد انگلش کھلاڑی کوئی وکٹ نہ گرا سکے۔
اس سے قبل آج صبح جب انگلش ٹیم نے پہلے دن کے اسکور 104 چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی تو سعید اجمل اور عبدالرحمان نے اپنی تباہ کن بولنگ جاری رکھی۔ عبدالرحمان نے پانچ انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری مرتبہ ایک ہی اننگز میں دو مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سعید اجمل کے حصے میں تین وکٹیں آئیں جبکہ عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی بولروں کی شاندار کارکردگی کے باعث اس وقت پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو چکی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس وقت پاکستان کو دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے تاہم اگر پاکستان اس ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ انگلینڈ کو وائٹ واش کرنے کا اعزاز حاصل کر لے گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: امتیاز احمد