داعش کے اہم کمانڈر ’ڈاکٹر وائل‘ کے مارے جانے کی تصدیق
17 ستمبر 2016خبر رساں ادارے روئٹرز نے پینٹا گون کے حوالے سے جمعے کی رات گئے بتایا کہ امریکی اتحادی فضائیہ کی الرقہ کے قریب کی گئی ایک کارروائی میں وائل عادل حسن سلمان الفیاض المروف ’ڈاکٹر وائل‘ مارا جا چکا ہے۔ اس تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر وائل داعش کا پراپیگنڈا امور کا سربراہ تھا۔
داعش شام اور عراق کے متعدد علاقوں میں فعال ہے۔ اس جہادی گروہ کا پراپیگنڈا سیل گزشتہ کچھ عرصے سے صحافیوں اور امدادی کارکنوں کے سر قلم کرنے کی خبریں نشر کر چکا ہے۔ داعش کے حامی شدت پسند دیگر کئی ممالک میں بھی پھیل چکے ہیں، جو اپنے طور پر وہاں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں سر انجام دے چکے ہیں۔
پینٹا گون نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر وائل داعش کا ’وزیر اطلاعات‘ ہونے کے علاوہ اس گروہ کی اعلیٰ شوریٰ کونسل کا سنیئر رکن بھی تھا۔ پینٹا گون کے ترجمان پیٹر کُک نے ایک بیان میں کہا کہ سات ستمبر کو شامی علاقے الرقہ کے قریب امریکی اتحادی فضائی کارروائی میں ڈاکٹر وائل کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اب تصدیق ہو گئی ہے کہ وہ اس حملے میں مارا گیا تھا۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ڈاکٹر وائل کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ ایک موٹر سائیکل پر سوار اپنے گھر کے قریب تھا۔
پیٹر کُک کے بیان کے مطابق ڈاکٹر وائل داعش کے لیے دہشت گردانہ اور جہادی مواد کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ وہ تشدد اور قتل پر مبنی ویڈیوز کی تیاری کی نگرانی بھی کرتا تھا، ’’وہ (ڈاکٹر وائل) داعش کے ترجمان اور حملوں کے ماسٹر مائنڈ ابو محمد العدنانی کا ایک قریبی ساتھی تھا۔‘‘
تیس اگست کو داعش نے تسلیم کر لیا تھا کہ العدنانی ایک امریکی فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔ بعد ازاں پینٹا گون نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی تھی۔ جمعے کی دن امریکا نے یہ اعتراف بھی کیا کہ خصوصی امریکی فورسز شام میں الرائی اور جرابلس کے علاقوں میں منتخب شدہ باغیوں کو عسکری مدد فراہم کر رہی ہیں۔