1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خیبر پختونخوا، فاٹا میں مذہبی اقلیتوں پر حملے بڑھتے ہوئے

فرید اللہ خان، پشاور20 مارچ 2014

دہشت گردی سے متاثرہ پاکستانی قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پختونخوا میں رہائش پذیر مذہبی اقلیتوں پر حملوں میں اضافے نے ان میں پائے جانے والے عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1BTEy
تصویر: DW/N. Yadav

پشاور کے سینٹ جانز چرچ پر دو خود کش حملوں، پشاور ہی میں سواتی گیٹ چرچ پر دو بار کیے گئے حملوں اور ہشتنگری میں ہندوؤں کے مندر پر حملے کی کوشش کے بعد اب سکھوں کو نشانہ بنایا جا رہاہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دو سکھوں کو اغواء جبکہ دو کو قتل کیا جا چکا ہے۔

شمال مغربی پاکستان میں سکھوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز خیبر ایجنسی میں ہوا، جہاں انہیں جزیہ (ٹیکس) ادا نہ کرنے کی پاداش میں علاقہ بدر کر دیا گیا۔ حال ہی میں ضلع چارسدہ میں مارے جانے والے دو سکھ عرصے سے ادویات کا کاروبار کرتے تھے۔ اب تک کے تمام تر دعووں اور وعدوں کے باوجود حکومت نہ تو قاتلوں تک پہنچ سکی ہے اور نہ ہی اغواء کاروں کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔ ایسی وارداتوں پر اقلیتوں میں بہت زیادہ تشویش پائی جاتی ہے۔

Pakistan Hindu Minderheit
پاکستان سے متعدد ہندو خاندان ترک وطن کر کے بھارت بھی جا چکے ہیںتصویر: DW/N. Yadav

اس صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان ہندو موومنٹ کے چیئرمین ہارون سرب دیال نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’ایک ماہ کے دوران چار واقعات رونما ہوئے ہیں۔ یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، جہاں اکثریتی کمیونٹی محفوظ نہیں، وہاں ہم تو بالکل ہی محفوظ نہیں ہیں۔ لیکن ہم یہ ضرور کہیں گے کہ ہمیں اپنے سے زیادہ اپنی بیویوں، بچوں اور بیٹیوں کی عزت پیاری ہے۔ لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ اگر کہیں مشکل سے اقلیتی برادری کی خواتین کو تعلیم یا صحت کے شعبے میں کوئی ملازمت مل جائے، تو انہیں ایسی جگہوں پر تعینات کیا جاتا ہے جہاں اگر مرد اپنی جان اور عزت نہیں بچا سکتا تو خواتین اپنی حفاظت کس طرح کر سکتی ہیں۔‘‘

شبقدر کے علاقے میں مارے جانے والے سکھ شہری کی آخری رسومات میں شرکت اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے صوبائی حکومت کے کسی نمائندے کی آمد تو دور کی بات ہے، صوبائی پارلیمان میں سکھ برادری کے منتخب رکن اور اقلیتی اُمور کے صوبائی وزیر سورن سنگھ تک نے بھی غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے جانا گوارہ نہ کیا۔

اس صوبائی وزیر نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ بات چیت میں کہا، ”جب سے ہم آئے ہیں، ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ اور جب ہم مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے تو ان تمام باتوں سے ہماری جان چھوٹ جائے گی۔ یہ صرف مسلمانوں، سکھوں، مسیحی باشندوں یا ہندوؤں کی بات نہیں ہے۔ یہاں تو ہر مذہب کے لوگوں پر حملے ہو رہے ہیں۔‘‘

Pakistan Peshawar Anschlag auf christliche Kirche
پشاور میں چرچ پر خونریز حملے کے بعد مسیحی مظاہرین کا احتجاج، فائل فوٹوتصویر: Reuters

سورن سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ وہ سکھوں پر حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ’’ہمارے دو سکھ بھائی قتل کر دیے گئے اور دو کو اغوا ءکر لیا گیا۔ میں خود اقلیتی امور کے وزیر کی حیثیت سے متاثرہ خاندان کی داد رسی کی خاطر جائے وقوعہ پر فوراﹰ پہنچا تھا۔‘‘

پاکستانی صوبہ خیبر پختونخوا میں مسیحی باشندوں کے ایک لاکھ 20 ہزار، 47 ہزار ہندو، پانچ ہزار سکھ اور چار ہزار سے زیادہ کیلاش خاندان آباد ہیں جبکہ بہائی فرقے کے خاندانوں کی تعداد صرف نو بنتی ہے۔ مذہبی اقلیتوں کے عبادت خانوں کا حال یہ ہے کہ صوبے میں ہندوؤں کے 420 مندروں میں صرف20فنکشنل ہیں۔

پشاور کی خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی تین نشستیں ہیں، جن میں سے سکھوں، ہندوؤں اور مسیحی باشندوں سب کے لیے ایک ایک نشست مختص ہے۔ پاکستان میں تقریباﹰ ہر سیاسی پارٹی کا اپنا ایک اقلیتی آبادی کا ونگ بھی قائم ہے لیکن اقلیتوں کا کہنا ہے کہ منتخب افراد ہر دور میں ہی ان کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید