خواتین کے آنسوؤں میں 'آج نہیں' کا پیغام، نئی تحقیق
10 جنوری 2011یہ تحقیق اسرائیلی شہر ریہووٹ میں قائم وائزمین انسٹیٹیوٹ آف سائنس میں کی گئی۔ محققین نے اس مقصد کے لیے سب سے پہلے تحقیق میں شریک خواتین کو 1979ء میں ریلز ہونے والی ایک انتہائی غمگین اور دل گرفتہ کردینے والی انگریزی فلم 'دی چیمپ' کے سین دکھائے جس میں ایک نوجوان لڑکا اپنے باکسر والد کے انتقال پر آنسو بہاتا ہے۔
توقع کے عین مطابق فلم دیکھنے والی خواتین کی آنکھوں سے بھی دکھ کے مارے آنسو بہنے لگے، جنہیں محققین نے خصوصی بوتلوں میں جمع کرلیا۔ یہ آنسو 23 سے 32 برس کی درمیانی عمر کے 24 مردوں کے سامنے لائے گئے جنہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ ان بوتلوں میں کیا ہے۔
ان میں سے کچھ مردوں کو ایسی بوتلیں سونگھنے کے لیے کہا گیا جن میں ایک نمکین محلول تھا اور جس کی کوئی خوشبو نہیں تھی، جبکہ باقی کو خواتین کے آنسوؤں سے بھری بوتلیں سونگھنے کے لیے دی گئیں، جوبظاہر کسی قسم کی خوشبو سے عاری ہی تھیں۔
اس کے بعد تجربے میں شریک مردوں کو خواتین کے چہروں کی تصاویر دکھائی گئیں۔ ایسے مردوں کو جنہوں نے خواتین کے آنسوؤں کو سونگھا، یہ تصاویر بہت کم دلکش محسوس ہوئیں، بہ نسبت ان مردوں کے جنہوں نے نمکین محلول سونگھا تھا۔
محقیقن نے تجربے میں شریک مردوں کے جذباتی ردعمل کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے لیے ان سے سوال کیا گیا کہ وہ خواتین کے چہروں کی جو تصاویر دیکھ رہے ہیں ان پر موجود دکھ اور گداز کا اندازہ لگائیں۔ سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ آنسو سونگھنے سے مردوں کے جذباتی ردعمل پر کوئی فرق نہیں پڑا اور یہ بالکل ویسے ہی تھا جیسے دیگر افراد کا۔
اس کےعلاوہ تجربے میں شامل تمام مردوں کو ایک غمگین فلم دکھا کر بھی جذباتی ردعمل کا جائزہ لیا گیا جس سے دوبارہ ثابت ہوا کہ آنسو سونگھنے والے مردوں کے جذباتی ردعمل میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں ہوئی۔
تاہم دوسری جانب خواتین کے چہرے دیکھ کر ان مردوں میں بہت کم جنسی تحریک یا بیداری پیدا ہوئی جو خواتین کے آنسو سونگھ چکے تھے۔
امریکی جرنل سائنس میں شائع ہونے والی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق تجربے میں شامل مرد حضرات کے طبی ٹیسٹ سے بھی یہ ثابت ہوا کہ آنسو سونگھنے والے مردوں کے ٹیسٹورون نامی ہارمون میں بھی کمی واقع ہوئی۔ یہ ہارمون جنسی تحریک سے متعلق ہے۔
ان نتائج کو ذہن کے اسکین نے بھی ثابت کیا۔ رپورٹ کے مطابق اسکین سے معلوم ہوا کہ آنسو سونگھنے کے بعد ان مردوں کے ذہن کے ان حصوں میں سرگرمی بہت کم ہوگئی، جن کا تعلق جنسی بیداری اور تحریک سے ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق، ’ابھی اس سمت میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے کہ آنسوؤں میں وہ کونسا کیمیائی جزو موجود ہوتا ہے جو اس ردعمل کی وجہ بنا۔ اس کے علاوہ بچوں کے آنسوؤں کے بڑوں پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔‘
وائزمین انسٹیٹیوٹ کے شعبہ نیورولوجی کے پروفیسر نوم سوبل کے مطابق، ’یہ تحقیق اس خیال کی تصدیق کرتی ہے کہ ایک انسان کے کیمیائی سگنل کسی دوسرے فرد کے رویے پر اثر انداز ہوتے ہیں، بھلے ہم ان سے آگاہ ہوں یا نہیں ۔’
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: ندیم گِل