حلب، ہسپتال پر بیرل بموں سے حملہ
1 اکتوبر 2016ہفتے کے روز باغیوں کے زیر قبضہ حلب شہر کے سب سے بڑے ہسپتال ایم ٹین پر کم از کم دو بیرل بم برسائے گئے۔ بدھ کے روز بھی ایک اور ہسپتال پر بمباری کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ نے بدھ کے روز ہونے والے حملوں کو ’جنگی جرم‘ قرار دے کر ان کی مذمت کی تھی۔ ایم ٹین نامی اس ہسپتال پر کلسٹر بموں سے حملے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ان حملوں کو ’جنگی جرائم‘ کے زمرے میں شمار کیا ہے۔
سیریئن امریکن میڈیکل سوسائٹی کے اہلکار ایڈم ساہلول نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز ایم ٹین پر کم از کم دو بیرل بم داغے گئے، جب کہ یہ مقام بدھ کے روز سے بند ہے۔ ادھر سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ ایم ٹین ہی کے قریبی علاقے میں ایک فیلڈ ہسپتال پر بھی فضائی حملہ کیا گیا ہے، جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، جب کہ اس ہسپتال نے بھی کام کرنا بند کر دیا۔
اپوزیشن کے سرگرم کارکنوں نے حلب کے ہسپتالوں پر فضائی حملوں کا الزام روس اور اسد حکومت پر عائد کیا ہے۔ ان کے مطابق جنگی طیاروں سے حملوں اور بمباری نے زخمیوں کی مرہم پٹی کے مراکز کو برباد کر دیا ہے۔ کارکنوں کے مطابق ان حملوں میں سول ڈیفنس کے یونٹوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ امریکا اور جرمنی کے بعد اب سویڈن اور فرانس نے بھی ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے بیان میں کہا گیا کہ حلب شہر پر بموں کی بارش کی جا رہی ہے اور مشرقی حلب کا سارا علاقہ موت کا ایک گھر بن کر رہ گیا ہے۔ اسی طرح سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے مقامی افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشرقی حلب پر بغیر کسی امتیاز کے ساتھ روس اور اسد حکومت کے جنگی جہاز بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق اکیس ستمبر سے چھبیس ستمبر کے درمیان مشرقی حلب کے تمام ہسپتال معمول کے فرائض انجام دے رہے تھے لیکن اب تمام طبی مراکز کے ورکرز اپنے کام چھوڑ کر زندگی بچانے کی فکر میں ہیں۔