جیکسن کے دستانے کی نیلامی
28 جون 2010یہ نیلامی لاس ویگاس میں پلینیٹ ہالی وُڈ کے جولینز آکشنز میں منعقد کی گئی، جہاں مائیکل جیکسن کی 200 سے زائد ذاتی اشیا نیلامی کے لئے پیش کی گئیں۔ ان اشیا کی فروخت سے مجموعی طور پر دس لاکھ ڈالر سے ذرا ہی کم رقم حاصل ہوئی۔ بعض اشیا کی بولی تو اندازے سے دس گُنا زائد تھی۔
نیلامی کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا، ’’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مائیکل جیکسن کتنے بڑے سٹار تھے، ان کی مثال نہیں ملتی۔ ہم نے انہیں کھو کر جانا کہ وہ کتنے کھَرے لیجنڈ تھے۔‘‘
منتظمین نے نیلامی کے نتائج کو حیرت انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بولی میں حصہ لینے کے لئے روس اور ایشیا کے مختلف ممالک سے لوگ لاس ویگاس پہنچے۔
اس نیلامی میں مائیکل جیکسن کی ایک جیکٹ ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی، حالانکہ اندازہ تھا کہ اس کے لئے چھ ہزار سے آٹھ ہزار ڈالر تک کی بولی لگائی جائے گی۔ اس موقع پر جیکسن کی ایک ٹوپی کے لئے 56 ہزار ڈالر سے زائد کی بولی لگی۔
گزشتہ برس مائیکل جیکسن کی موت کے بعد ستمبر میں منعقد کرائی گئی ایک نیلامی میں ان کا ایک دستانہ 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
مائیکل جیکسن نے ایک عرصے تک دنیائے موسیقی پر حکمرانی کی۔ گزشتہ جمعہ کو مائیکل جیکسن کی پہلی برسی منائی گئی۔ اس موقع پر دُنیا بھر میں ان کے پرستاروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شادی خان سیف