1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیکسن امریکن میوزک ایوارڈز کے لئے نامزد

14 اکتوبر 2009

امریکن میوزک ایوارڈز کے لئے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 'آرٹسٹ آف دی ایئر' سمیت پانچ نامزدگیاں مائیکل جیکسن کے لئے ہیں۔ جیکسن رواں برس جون میں انتقال کر گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/K5fW
تصویر: AP

ان کے لئے دیگر نامزدگیوں میں فیورٹ میل آرٹسٹ اور فیورٹ البم شامل ہیں، جو پاپ۔راک اور سول۔آر اینڈ بی دونوں ہی کیٹیگریز کے لئے ہیں۔

مائیکل جیکسن موسیقی کی فروخت میں سرفہرست رہے ہیں۔ تاہم امریکن میوزک ایوارڈ میں ان کی پانچ نامزدگیاں سب سے زیادہ نہیں۔ ان سے بھی آگے نسبتا نوجواں گلوکارہ ٹیلر سوفٹ ہیں، جنہیں آرٹسٹ آف دی ایئر سمیت چھ ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس کیٹیگری کے لئے لیڈی گاگا، امینیم اور کنگ آف لیون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

امریکن میوزک ایوارڈز کے لئے نامزدگیوں کا فیصلہ موسیقی کی فروخت کے تناظر میں کیا جاتا ہے۔ تاہم ایوارڈ جیتنے والے کا فیصلہ آن لائن ووٹنگ کے نتائج پر منحصر ہے، اور یہ فیصلہ ہوگا 22 نومبر کو۔

Neujahr in New York am Times Square
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوفٹتصویر: picture-alliance/ dpa

ان نامزدگیوں کا اعلان منگل کو کیا گیا جبکہ پیر کو مائیکل جیکسن کی موت کے بعد ان کا پہلا گانا ریلیز کیا گیا، جو دراصل 1983ء میں پاؤل آنکا کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس گانے کی ریلیز کے نصف حقوق آنکا کو دیے گئے ہیں۔

68 سالہ آنکا نے بتایا کہ اس ریکارڈنگ کو پہلی مرتبہ ریلیز کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گانے کی ریلیز پر جیکسن کے پرستاروں کا رسپانس غیرمعمولی ہے۔

مائیکل جیکسن کے گانوں پر مشتمل ایک سی ڈی رواں ماہ کے آخر تک ریلیز کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ جیکسن کے لندن کے دورے کے لئے ریہرسل پر مبنی ایک دستاویزی فلم کی ریلیز بھی طے ہے۔

رواں برس جولائی میں مائیکل جیکسن کے لندن میں 50 کانسرٹس ہونا طے تھے، جو شوبز میں ان کی واپسی کا منصوبہ بھی تھا۔ تاہم زندگی نے انہیں انتی مہلت نہیں دی اور وہ جون میں ہی انتقال کر گئے۔ تاہم اپنی موت کے بعد وہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والے گلوکاروں میں سرفہرست ہو گئے۔ بل بورڈ میگزین کے مطابق 25 جون کو جیکسن کے انتقال کے ایک ہفتے بعد ہی ان کے البمز کی پانچ ملین کاپیاں فروخت ہو گئی تھیں جبکہ پورے کیریئر میں جیکسن کے 750 ملین ریکارڈ فروخت ہوئے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں