جی ٹوئنٹی قرضوں کی تشکیل نوکا دائرہ وسیع کرے، یورپی یونین
19 فروری 2023یورپی یونین کے رکن ممالک نے درمیانی آمدنی والے ممالک کی جانب سے لیے گئے قرضوں کی تشکیل نو کے لیے جی ٹوئنٹیممالک کی تنظیم کے مشترکہ فریم ورک میں توسیع کی حمایت کی ہے۔ اس ضمن میں بلاک کی پوزیشن کو واضح کرنے والی یورپی یونین کی ایک دستاویز اگلے ہفتے ہونے والے جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
جی ٹوئنٹی ممالک نے 2020ء میں قرضوں کی تشکیل نو کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک (CF) پر اتفاق کیا تھا تاکہ وبائی امراض کے بعد کم آمدنی والے ممالک کے قرضوں کی تنظیم نو کے عمل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
اس فریم ورک کے تحت اب تک چاڈ، ایتھوپیا، گھانا اور زیمبیا نے قرضوں میں ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن کچھ مغربی ممالک کا الزام ہے کہ چین کی وجہ سے اس معاملے میں پیش رفت سست رہی ہے۔ ابھی تک صرف چاڈ نے کامیابی کے ساتھ قرض سے نجات کا معاہدہ کیا ہے۔
جب کہ ستر یا اس سے زیادہ غریب ترین ممالک اس فریم ورک کے تحت ریلیف حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ اس وقت درمیانی آمدنی والے ممالک کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی اپنے قرضوں کے بوجھ سے نبرد آزما ہے۔
چوبیس اور پچیس فروری کو بھارتی شہر بنگلور میں ہونے والے جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کے اجلاس کے لیے یورپی یونین کے تیار کردہ نقاط کے مطابق، ''قرض کی کمزوریوں کا سامنا کرنے والے درمیانی آمدنی والے ممالک تک CF کی ممکنہ توسیع کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘
یورپی یونین کی دستاویز میں جی ٹوئنٹی، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، عالمی بینک اور قرض دہندگان کی حکومتوں کے پیرس کلب سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پہلے کیسز کی بنیاد پر فریم ورک کے کام کاج کا جائزہ لیں اور پھر مقروض ممالک کو اس بارے میں وضاحت کریں۔
ش ر ⁄ ع آ (روئٹرز)