1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنگی جرائم کے الزام میں اسرائیل کو عالمی عدالت لے جانے کی کوشش

افسر اعوان5 اگست 2014

فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی آج منگل کے روز ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت جا رہے ہیں جہاں وہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CpBs
تصویر: dapd

اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی کے علاقے میں جاری فوجی کارروائی میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد سمیت 1800 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کا عالمی فوجداری عدالت یا آئی سی سی کا یہ دورہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے تین روزہ جنگ بندی معاہدے کے فوری بعد کیا جا رہا ہے۔ مصر، اقوام متحدہ اور امریکی کوششوں کے نتیجے میں طے پانے والے اس عارضی سیز فائر کا مقصد مستقل جنگ بندی معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

مالکی نے گزشہ ہفتے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ غزہ پٹی پر کیے جانے والے فضائی حملوں اور زمینی کارروائی کے دوران اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کے واقعات کی تحقیقات کرائے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی میں ملٹری آپریشن کے دوران اس فلسطینی علاقے میں قائم اقوام متحدہ کے اسکولوں کو بھی متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فضائی حملوں سے بچنے کے لیے فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والے ان اسکولوں میں پناہ لے رکھی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیل آئی سی سی کا رکن ملک نہیں ہے لہذا بین الاقوامی عدالت اس ملک کے اندر کسی معاملے کی تحقیقات نہیں کر سکتی۔ تاہم اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قرار داد کے ذریعے آئی سی سی کو مینڈیڈیٹ دیتی ہے تو پھر یہ عدالت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کی تحقیقات کر سکتی ہے۔ تاہم ایسی صورت میں اسرائیل کے طاقتور اتحادی امریکا کی طرف سے ایسی کسی کوشش کو ویٹو کرنے کا راستہ موجود ہے۔

غزہ حکام کے مطابق اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی کے علاقے میں فضائی بمباری اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں 1867 فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں سے اکثریت سویلین کی تھی۔ تاہم اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی قریب نصف تعداد عسکریت پسندوں کی تھی۔

دوسری طرف اسرائیل کا کہنا ہے کہ آٹھ جولائی سے شروع ہونے والی لڑائی سے اب تک اس کے 64 فوجی جبکہ تین سویلین ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیل سویلین ہلاکتیں غزہ پٹی کی جانب سے فائر کیے جانے والوں راکٹوں کے باعث ہوئیں جبکہ اسرائیل کی تمام تر فوجی ہلاکتیں 17 جولائی سے غزہ پٹی میں شروع ہونے والی زمینی کارروائی کے بعد ہوئیں۔

دی ہیگ میں موجود فلسطینی وفد کی طرف سے روئٹرز کو بتایا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی ہالینڈ کے وزیر خارجہ فرانس ٹیمرمنز Frans Timmermans سے بھی ملاقات کریں گے۔