1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا نے جرمنی سے گوشت کی برآمد روک دی

8 جنوری 2011

جنوبی کوریا نے جرمنی سے خنزیر کے گوشت کی درآمد معطل کر دی ہے۔ یہ وہ پہلا ملک ہے جس نےجرمنی میں جانوروں کی خوراک میں زہریلے مادے، ڈی آکسین کی موجودگی کے سکینڈل کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zvE9
تصویر: AP

یورپی کمیشن کے شبعہ ء صحت کے سربراہ جان ڈالی کے ترجمان فریڈرک ونسنٹ نے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا نے جرمنی سے خنزیر کے گوشت کی در آمد کو معطل کردیا ہے۔ دوسری جانب روس نے بھی جرمنی سے درآمد کئے جانے والے گوشت پر سخت نگرانی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ماسکو حکام نے یورپی کمیشن اور جرمنی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جانوروں کی خوراک میں پائے جانے والے زہریلے مادے، ڈی آکسین کے بارے میں صیح معلومات فراہم نہیں کر رہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ جانوروں اور انسانوں کی زندگیوں کو لاحق خطرے کی صورت میں، یورپی یونین میں فوری ردعمل کا مرکزی نظام موجود نہیں ہے۔

Vogelgrippe in Indonesien
جرمن حکام نے ایک لاکھ سے زائد انڈوں کو تلف کر دیا ہےتصویر: dpa

جرمن حکام نے جمعہ کو کہا کہ چار ہزار سات سو سے زائد پولٹری فارمز کو بند اور ایک لاکھ سے زائد انڈوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔ جرمنی میں جانوروں کی آلودہ خوراک کے اس سکینڈل کا دائرہ بڑھتا چلا جارہا ہے اور حکام نے اس معاملے میں بے قاعدگی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ جرمنی میں مضر صحت انڈوں کے سکینڈل کی وجہ شمالی جرمن صوبے شلیزوک ہولشٹائن میں قائم کمپنی Harles & Jentzsch کے عملے سے مبینہ غلطی کا سرزد ہونا تھا۔ اس کمپنی نے جانوروں کی خوراک میں استعمال کی جانے والی چکنائی میں وہ مبینہ طور پر وہ تیل ملا دیا، جو بائیو فیول میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کیمیکلز ملا یہ تیل بڑی صنعتوں کو فراہم کیا جاتا ہے، خاص طور پرکاغذ بنانے کی فیکٹریوں کو۔ جرمن کمپنی Harles & Jentzsch نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے انسانی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ اس کمپنی سے یہ مضر خوراک پانچ جرمن صوبوں کے پولٹری فارمز کو روانہ کی گئی تھی اور ان میں سیکسنی انہالٹ بھی شامل ہے، جہاں سے انڈے ہالینڈ کو روانہ کئے گئے تھے۔ ڈی آکسین حاملہ خواتین کے لئے انتہائی مُضر ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سرطان کا بھی سبب بنتا ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید