جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام
18 نومبر 2016انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آج جمعہ اٹھارہ اکتوبر کو جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ کے کپتان فاف ڈو پلیسی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے آسٹریلوی شہر ہوبرٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران گیند کی بیرونی صورت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ میچ جنوبی افریقی ٹیم نے جیت لیا تھا۔
اس سلسلے میں آسٹریلوی ٹیلی وژن نیٹ ورک پر ایسی فوٹیج دکھائی گئی ہے کہ ڈو پلیسی اپنے منہ میں کوئی چوسنے والی میٹھی گولی ڈالے ہوئے ہیں اور وہ اپنے لعاب سے گیند کی چمک کو بڑھانے کی کوشش میں ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق اس انداز میں گیند کی چمک بڑھانے کا فعل ’بال ٹیمپرنگ‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ کونسل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی اجزاء والے مواد کو میچ کے دوران گیند پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
کرکٹ کھیل کے بین الاقوامی نگران ادارے کے مطابق اس معاملے کی باقاعدہ سماعت کونسل کے میچ ریفریز کے پینل کے سربراہ اینڈی پائیکرافٹ کریں گے۔ مکمل سماعت کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ الزام درست ثابت ہونے کی صورت میں ڈو پلیسی کو جرمانے کے طور پر میچ کی مکمل فیس ادا کرنا ہو گی۔
فاف ڈو پلیسی اِس وقت اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان ہیں۔ مستقل کپتان اے بی ڈویلیئر انجریز کا شکار ہیں۔
دوسری جانب میچ ٹیمپرنگ کے الزام کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک پریس بریفنگ میں شریک ہوئے۔ تمام کھلاڑی کھڑے تھے اور سینیئر بیٹسمین ہاشم آملا نے بیٹھ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیم اپنے کپتان کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ الزام بےبنیاد اور لغو ہے۔ آملا کے مطابق جب بال ٹیمپرنگ کی فوٹیج دکھائی جانے لگی تو تمام کھلاڑی اسے ایک مذاق خیال کر رہے تھے لیکن اس صورت حال پر انہیں افسوس ہوا ہے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ چوبیس نومبر سے ایڈیلیڈ شہر میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا اِس سیریز کے پرتھ اور ہوبرٹ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز ایک ایک اننگز کے فرق سے ہار چکا ہے۔