1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنسی حملوں کی روک تھام کا انچارج خود اسی جرم میں گرفتار

Afsar Awan7 مئی 2013

امریکی فضائیہ کے ایک افسر کو ایک خاتون پر مجرمانہ حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ افسر امریکی ایئر فورس میں جنسی حملوں کی روک تھام کے پروگرام کا انچارج ہے۔

https://p.dw.com/p/18TFh
پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹل
پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹلتصویر: AP

جنسی زیادتی کی روک تھام کے ذمہ دار افسر کی طرف سے بذات خود اسی نوعیت کے جرم کے الزام میں گرفتاری سے امریکی ایئرفورس کی ان کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے جو وہ فورس میں جنسی زیادتی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹل کے مطابق امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے ’ان تکلیف دہ الزامات کے حوالے سے اپنی ناپسندیدگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس معاملے کے ساتھ انتہائی سرعت اور فیصلہ کن انداز سے نمٹا جائے گا۔‘‘

امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے قریب واقعے علاقے آرلنگٹن، ورجینیا کی پولیس رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے جنسی زیادتی کے روک تھام کے پروگرام کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل جیف کروسنسکی Jeff Krusinski نشے میں تھے جب وہ ’’پارکنگ لاٹ میں موجود متاثرہ خاتون تک پہنچے اور ان سے دست درازی کی۔‘‘ رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے دست درازی کے خلاف جدو جہد کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دے دی۔

امریکی قانون سازوں کی طرف جنسی حملوں کے واقعات کے تناظر میں ایئر فورس پر تنقید کی گئی ہے
امریکی قانون سازوں کی طرف جنسی حملوں کے واقعات کے تناظر میں ایئر فورس پر تنقید کی گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

پولیس کے مطابق 41 سالہ کروسنسکی پر جنسی دست درازی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جارج لٹل کے مطابق کروسنسکی کو تفتیش مکمل ہونے تک عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

امریکی ایئرفورس، ایک فائٹر پائلٹ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں کورٹ مارشل کے بعد ایک سینیئر اہلکار کو برخاست کیے جانے کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہے۔ اس کے علاوہ ایئرفورس کو ایک اسکینڈل کا بھی سامنا ہے جس کےمطابق ٹیکساس میں قائم لیک لینڈ ٹریننگ سینٹر میں ایک درجن سے زائد ٹریننگ انسٹرکٹرز پر جنسی حملوں سمیت غیر مناسب طرز عمل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی قانون سازوں کی طرف جنسی حملوں کے واقعات کے تناظر میں ایئر فورس اور وسیع معنوں میں فوج پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی گئی ہے کہ پینٹاگون اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے۔

aba/at (AFP)