جعلی پاسپورٹ پر سفر، برازیلی فٹبالر رونالڈینو گرفتار
7 مارچ 2020برازیل کے سابق اسٹار کھلاڑی رونالڈینو کو جمعے کے روز پیراگوئے کے دارالحکومت آسنسیون کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا۔ وہ اپنے بھائی روبرٹو کے ساتھ ساؤپولو سے آسنسیون پہنچے تھے، تاہم ان کی سفری دستاویزات جعلی نکلیں۔
دونوں بھائی سفر کے لیے اپنے برازیلی پاسپورٹ کی جگہ پیراگوئے کا پاسپورٹ استعمال کر رہے تھے۔ ساؤ پولو سے سفر کرتے وقت ان کے پاس برازیلی پاسپورٹ تھے لیکن جب دونوں بھائی آسنسیون پہنچے تو انہیں پیراگوئے کے پاسپورٹ دیے جا چکے تھے۔
سعودی ویلتھ فنڈ انگلش فٹبال کلب نیو کاسل خریدنے کی کوشش میں
رونالڈینو اور ان کے بھائی نے بتایا کہ یہ دستاویزات انہیں تحفے میں دی گئی تھیں اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ کسی جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
ان کے وکیل بیڈریکو ڈیلفینو نے بتایا کہ برازیلی پاسپورٹ پر بھی انہیں پیراگوئے کے سفر کے لیے کوئی ویزا درکار نہیں تھا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس کے باوجود رونالڈینو نے پیراگوئے کا پاسپورٹ کیوں استعمال کیا۔
ایئرپورٹ پر جعلی شناختی دستاویزات کی جانچ کیے جانے پر رونالڈینو اور ان کے بھائی نے رضاکارانہ طور پر خود کو حکام کے حوالے کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق پیراگوئے کے پاسپورٹ انہیں ایک برازیلی کاروباری شخصیت ویلمونڈیس سؤسا لیریا نے دیے تھے اور اب وہ بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
پیراگوئے کے حکام کے مطابق رونالڈینو اور ان کے بھائی کی جانب سے اعتراف جرم کرنے اور تحقیقات میں تعاون کرنے کی وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا۔
برازیلی اسٹار اور ان کے بھائی کو پیراگوئے آنے کی دعوت ایک کیسینو کے مالک نے دی تھی، جہاں انہوں نے بچوں کے فٹبال کلینک اور ایک کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنا تھی۔
ایردوآن کی مخالفت نے کروڑ پتی فٹبالر کو ٹیکسی ڈرائیور بنا دیا
یہ امر بھی اہم ہے کہ برازیلی حکام نے غیر قانونی تعمیراتی اسکیم میں ملوث ہونے پر ان سے برازیلی پاسپورٹ لے لیا تھا، جو بعد میں انہیں لوٹا دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد رونالڈینو نے امریکا، یورپ اور چین کے سفر کے لیے برازیلی پاسپورٹ ہی استعمال کیا تھا۔
ش ح / ع ح (اے ایف پی، اے پی)