جسے اللہ رکھے، اُسے کون چکھے
17 فروری 2015پولیس نے منگل کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اخبار ’نئی دنیا‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حاملہ خاتون بھارت کی شمال مغربی ریاست راجستھان میں اپنے گھر والوں کے ساتھ ایک ٹرین پر سفر کر رہی تھی۔ دورانِ سفر اِس حاملہ خاتون کو درد محسوس ہونے لگا تو وہ ٹوائلٹ میں گئی، جہاں اُس نے ایک لڑکے کو جنم دیا۔
یہ لڑکا ماں کے پیٹ سے نکلتے ہی ٹوائلٹ کے اندر سے نیچے ریلوے ٹریک پر جا گرا۔ واضح رہے کہ جس وقت بچہ ریل کی پٹڑی پر گرا، ٹرین اُس وقت رُکی ہوئی تھی۔
بچے کو جنم دیتے ہی ماں بے ہوش ہو گئی۔ بعد ازاں اس خاتون کے گھر والوں نے جا کر ٹوائلٹ میں اس بے ہوش ماں کو دیکھا اور ریلوے حکام سے مدد کی درخواست کی۔ اتنی دیر میں ریل گاڑی وہاں سے تیرہ کلومیٹر دور واقع اسٹیشن ہنومان گڑھ پر پہنچ چکی تھی۔
آئی اے این ایس نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ بچہ کئی گھنٹے تک ٹریک پر پڑا رہا۔ اس کے رونے کی آواز سن کر ایک قریبی عمارت میں موجود ریلوے گارڈ نے آ کر اُسے اٹھایا اور پولیس کو اطلاع دی، جس نے بچے کو ہسپتال پہنچایا۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ایک پولیس اہلکار رام سنگھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’جب اِس خاتون اور اُس کے شوہر کو پتہ چلا کہ اُن کا نومولود بچہ زندہ ہے اور خیریت سے ہے تو وہ بہت خوش ہوئے‘۔ رام سنگھ کے مطابق اس ننھے لڑکے کے ’ماں باپ کو ہرگز یہ توقع نہیں تھی کہ اُن کا بچہ زندہ ہو گا‘۔