جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم چین پہنچ گئی
28 مئی 2009جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب چین کی ٹیم نئے کوچ گاؤ ہونگ بو کی زیرنگرانی پہلا بین الاقوامی میچ کھیل رہی ہے۔ متحدہ عرب امارت کی ٹیم 2 جون کو جرمن ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔
جرمنی کی قومی ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی ہفتے کے روز جرمن فٹ بال کپ کے فائنل میں لیورکوزن اور بریمن کے درمیان مجوزہ مقابلے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، تاہم جرمن ٹیم کے مینیجر اولیور بیئرہوف ان مقابلوں کو عالمی فٹ بال کپ کے لئے تیاری کا بہترین موقع قرار دیتے ہیں۔
’’ایشیا میں ہمارے دو مقابلے ورلڈ کپ سیشن کے آغاز سے قبل ٹیم کی تیاریوں کو جانچنے کا بہترین موقع ہیں۔‘‘
ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ جرمن اسکواڈ میں شامل کئی نوجوان کھلاڑیوں کو ان مقابلوں میں شمولیت سے یہ موقع بھی ملے گا کہ وہ اپنے کھیل کے زریعے کوچز کی توجہ حاصل کر پائیں۔
جرمن ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑیوں میں شٹٹ گارٹ ٹیم کے سٹرائیکر کاکاؤ بھی شامل ہیں۔ کاکاؤ کا تعلق برازیل سے ہے تاہم انہوں نے رواں برس فروری میں ہی جرمن شہریت حاصل کی ہے۔