1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں پابندیاں، مزید اختیارات کے لیے ایوان بالا میں بحث

22 اپریل 2021

جرمنی میں وفاقی حکومت ملک گیر سطح پر کورونا پابندیاں سخت کرنے کے لیے مزید اختیارات چاہتی ہے، تاہم بعض حلقے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3sMea
Deutschland Proteste gegen Corona-Auflagen in Berlin
تصویر: Christian Mang/Reuters

جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بُنڈس ٹاگ میں چانسلر انگیلا میرکل کو خاطر خواہ حمایت حاصل ہے۔ بدھ کو بنڈس ٹاگ نے اکثریت رائے سے سے قوانین میں تبدیلی منظور کر لی تھی۔

جمعرات کو پارلیمان کے ایوان بالا یعنی بُنڈس راٹ میں وفاق کو مزید اختیارات دینے پر غور ہو رہا ہے، جہاں آج گرما گرم بحث کا امکان ہے۔

جرمنی میں چانسلر انگیلا میرکل ملک میں کورونا انفیکشن کی بڑھتی ہوئی شرح کے مدنظر سماجی پابندیاں سخت کرنے کے حق میں ہیں تاہم انہیں بعض ریاستی حکومتوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔

جرمنی کے وفاقی نظام میں سولہ ریاستیں ہیں، جو آئین کے مطابق بڑی حد تک خودمختار اور بااختیار ہیں۔ ملک کا ایوان بالا ان سولہ ریاستوں کا نمائندہ ایوان ہے۔

Deutschland Bundesrat - 1000. Sitzung mit Bundespräsident Steinmeier
تصویر: Fabrizio Bensch/Reuters/dpa/picture alliance

امکان ہے کہ آج وہاں حکومت کو کچھ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر ریاستی نمائندوں کی طرف سے وفاق کے اختیارات بڑھانے پر زیادہ اعتراض ہوا تو حکومت کو انہیں کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر راضی کرنا ہو گا۔

چانسلر میرکل کی حکومت چاہتی ہے کہ وفاق کے پاس یہ اختیار ہو کہ جن شہروں یا علاقوں میں انفیکشن ریٹ  زیادہ ہے وہاں لوگوں کے آپس میں میل جول سے متعلق پابندیاں سخت کی جا سکیں۔

اب تک یہ اختیارات ریاستوں کے پاس رہے ہیں۔ لیکن برلن میں حکومت سمجھتی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں کہیں نرمی اور کہیں سختی وبا پر قابو پانے میں ناکامی کی بڑی وجہ ہے۔

Deutschland Corona-Pandemie Angela Merkel spricht im Bundestag
تصویر: Tobias Schwarz/AFP

ایک بیان میں نائب چانسلر اولاف شُلس نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں ایک صاف اور واضح پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ وزیر صحت نے صورتحال کو ''انتہائی گمبھیر‘‘ قرار دیا ہے۔      

جرمنی نے پچھلے سال وبا کی شروعات میں دیگر یورپی ملکوں کے مقابلے میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ لیکن پچھلے چند ماہ کے دوران مسلسل لاک ڈاؤن اور ویکسین کی عدم فراہمی کی وجہ سے چانسلر میرکل پر تنقید بڑھ گئی ہے۔

Berlin Konzerthaus am Gendarmenmarkt | Rede Steinmeier | Gedenkfeier Covid-Opfer
تصویر: Michael Sohn/AFP/Getty Images

توقع ہے کہ جمعرات کو ایوان بالا سے نئے قوانین کی منظوری کے بعد ملک کے صدر جلد ہی اس پر دستخط کر کے سرکاری اعلامیہ جاری کر دیں گے۔

اس قانونی عمل کے بعد توقع ہے کہ حکومت ملک کے ان تمام شہروں اور علاقوں میں رات کا کرفیو اور مزید پابندیاں نافذ کرے گی، جہاں انفیکشین ریٹ ایک حد سے زیادہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ابتدائی طور پر یہ پابندیاں کم از کم دو ہفتوں کے لیے ہوں گی۔

ش ج، ا ا (ڈی پی اے)