1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں پاکستان سے لوٹنے والی بچی ہیضے سے ہلاک

25 ستمبر 2010

جرمنی میں ایک بچی ہیضہ کی بیماری سے ہلاک ہو گئی ہے۔ اس بچی کو ہیضہ اس وقت لاحق ہوا تھا، جب اس بچی کا خاندان سیر و سیاحت کے لئے پاکستان گیا ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/PML4
تصویر: AP

جمعے کے روز صحت عامہ کے نگران جرمن حکام کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان سے واپس لوٹنے والے اس خاندان کے تین دیگر بچے بھی اسی بیماری کا شکار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی بچی کی عمر نو ماہ تھی جبکہ اس بچی کا خاندان پاکستانی نژاد ہے اور وہ فرینکفرٹ کے قریبی علاقے اوبر اُرزیل میں گزشتہ کئی برسوں سے مقیم ہے۔

ہیضہ الٹیوں اور جسم میں پانی کی کمی کا باعث بننے والی ایک ایسی بیماری ہے، جو عموماﹰ آلودہ یا غیر شفاف پانی کے استعمال سے لاحق ہوتی ہے، جو کبھی کبھی انتہائی خطرناک اور جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

NO FLASH Pakistan Flutkatastrophe
متعدد علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہےتصویر: AP

انیسویں صدی میں جرمنی میں یہ متعدی بیماری پھیلی تھی، تاہم بعد میں اس کا جڑ سے خاتمہ کر دیا گیا تھا۔ سن 2002 سے اب تک جرمنی میں صرف 10 افراد اس بیماری کا شکار ہوئے ہیں، جو علاج کے بعد ایک مرتبہ پھر تندرستی کی طرف لوٹ گئے اور یہ تمام افراد سیاحت کے لئے دیگر ملکوں کے سفر کے بعد جرمنی لوٹنے والے شہری تھے۔

حکام کے مطابق گزشتہ چھ دہائیوں میں جرمنی کے مغربی حصے میں ہیضے کے باعث ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔ یہ خاندان بدھ کے روز پاکستان سے جرمنی واپس لوٹا تھا۔ اس خاندان کے چار بچے ہیضے کا شکار تھے اور بدھ ہی کے روز انہیں فرینکفرٹ کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان بچوں میں ہیضے کی تشخیص ہو گئی تھی۔

Arzt in Krankenhaus mit Patienten, Karachi, Pakistan
پاکستان میں سیلاب کے بعد ہزاروں افراد کو ہیضے کا مرض لاحق ہوا ہےتصویر: AP

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس بیماری کا شکار ہونے والے دیگر تین بچوں میں دو لڑکے ہیں اور ایک لڑکی۔ اس وقت ان تینوں بچوں کی حالت قدرے بہتر ہے۔ حکام کے مطابق جرمنی واپس لوٹنے والے اس پاکستانی نژاد خاندان میں شامل والدین اس بیماری سے متاثر نہیں ہوئے ہیں۔

اس خاندان کے افراد نے حکام کو بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران منرل واٹر کی بوتلوں کا استعمال کیا، جبکہ یہ افراد ان علاقوں میں بھی نہیں گئے، جو حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں