جرمنی ميں سياسی پناہ کے تازہ ترين اعداد و شمار
جرمنی ميں جمع کرائی جانے والی سياسی پناہ کی درخواستوں کے حوالے سے ماہانہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ مارچ کے مقابلے ميں اپريل ميں جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی تعداد ميں معمولی اضافہ ريکارڈ کيا گيا ہے۔
درخواستوں ميں ’معمولی‘ اضافہ
وفاقی دفتر برائے ہجرت و مہاجرين (BAMF) کے مطابق اپريل سن 2016 ميں جرمنی ميں مجموعی طور پر سياسی پناہ کی 59,680 نئی درخواستيں جمع کرائی گئيں۔ مارچ ميں ايسی درخواستوں کی کُل تعداد 58,315 تھی۔ يوں مارچ سے موازنہ کيا جائے تو اپريل ميں 2.3 فيصد زيادہ درخواستيں جمع کرائی گئيں۔
شامی مسلسل سر فہرست
اپريل سن 2016 ميں بھی سياسی پناہ کی سب سے زيادہ 25,791 درخواستيں شامی تارکين وطن کی جانب سے دی گئيں۔ مارچ ميں شامی شہريوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں کی تعداد 27,878 تھی۔ تعداد کے لحاظ سے اپريل ميں مارچ کے مقابلے ميں ساڑھے سات فيصد کم درخواستيں جمع کرائی گئيں۔ يہ امر اہم ہے کہ شامی شہری اپنے ملک ميں جاری خانہ جنگی سے فرار ہو رہے ہيں۔
بد امنی سے تنگ عراقی دوسرے نمبر پر
سياسی پناہ کی درخواستوں کی تعداد ميں عراقی دوسرے نمبر پر رہے۔ مارچ ميں 8,982 عراقی مہاجرين نے جرمنی ميں سياسی پناہ کی درخواستيں ديں جبکہ اپريل ميں 5.8 فيصد اضافے کے ساتھ 9,505 عراقی تارکين وطن نے درخواستيں جمع کرائيں۔
مخالفت کے باوجود، افغان بھی سياسی پناہ کے متلاشی
افغانستان سے تعلق رکھنے والے پناہ گزينوں نے اپريل سن 2016 ميں ماہانہ بنيادوں پر قريب بارہ فيصد اضافے کے ساتھ 8,458 درخواستيں جمع کرائيں۔ ايک ماہ قبل مارچ ميں افغان باشندوں کی جانب سے جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی تعداد 7,567 رہی۔
غير واضح شہريت والے تارکين وطن
جرمنی ميں اپريل سن 2016 ميں 1,299 درخواستيں ايسے پناہ گزينوں کی جانب سے دی گئيں، جن کی شہريت واضح نہيں۔ مارچ ميں جمع کرائی جانے والی ايسی درخواستوں کی تعداد 1,869 تھی۔ وفاقی دفتر برائے ہجرت و مہاجرين (BAMF) کے مطابق ماہانہ بنيادوں پر مارچ کے مقابلے ميں اپريل ميں ايسی درخواستوں کی تعداد ساڑھے تيس فيصد کم رہی۔
رواں سال اب تک 3,948 پاکستانيوں نے بھی درخواستيں ديں
فہرست ميں چھٹے نمبر پر البانيا سے تعلق رکھنے والے پناہ گزين تھے، جن کی جانب سے اپريل ميں مجموعی طور پر 1,188 درخواستيں جمع کرائی گئيں۔ اس کے علاوہ ايران کے باشندوں نے پچھلے مہينے 1,981 درخواستيں جمع کرائيں جبکہ جرمنی ميں سياسی پناہ کے متلاشی پاکستانی شہريوں نے 1,038 درخواستيں ديں۔ اپريل ميں اريتريا کے بھی 1,152 تارکين وطن نے جرمنی ميں سياسی پناہ کے ليے کاغذی کارروائی مکمل کی۔
پچھلے سال کے مقابلے ميں واضح اضافہ
سال رواں کے پہلے چار ماہ ميں جرمنی ميں جمع کرائی جانے والی سياسی پناہ کی درخواستوں کی تعداد 246,393 رہی، جن ميں شامی 116,826 درخواستوں کے ساتھ سر فہرست رہے۔