جرمنی: تین سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی صدر سے ملاقات
1 دسمبر 2017جرمنی میں نئی حکومت کب تشکیل پائے گی؟ یہ وہ سوال ہے، جس کا جواب تین بڑی جماعتوں کی سربراہان کی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ’بَیلے وُو پیلس‘ میں ہونے والی ملاقات کے بعد بھی فی الحال سامنے نہیں آ سکا۔ صدر فرانک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر چانسلر انگیلا میرکل، ہورسٹ زیہوفر اور مارٹن شُلس تین گھنٹوں تک ممکنہ اتحاد کے موضوع پر تبادلہء خیال کرتے رہے۔ ذرائع ابلاغ کو اس دوران ہونے والی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا اور توقع کے عین مطابق کوئی اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔
ستمبر کے انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو، ایف ڈی پی اور گرینز کے مابین مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹس کے ساتھ بات چیت کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ انتخابات کے فوری بعد ایس پی ڈی نے حکومت کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم صدر کی درخواست کے بعد اس جماعت نے بات چیت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
جمعرات کی شب ہونے والی اس ملاقات کے بعد آج جمعے کو ان تینوں جماعتوں کی کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہو رہے ہیں، جن میں پہلی ملاقات کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی عوام کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ یہ بھی ابھی غیر واضح ہے کہ کیا کرسمس کی چھٹیوں سے قبل ان تینوں جماعتوں کے مابین حکومت سازی کے لیے مذاکرات کا پہلا باقاعدہ دور شروع بھی ہو سکے گا۔