جرمنی بدر ہونے والے افغان مہاجرین کابل پہنچ گئے
12 ستمبر 2018افغان وزارت مہاجرین کے ترجمان حافظ میاخیل کے مطابق جرمنی بدر کیے گئے مہاجرین کا جہاز آج صبح ساڑھے سات بجے کابل ایئر پورٹ پہنچا۔ دسمبر سن 2016 سے جرمنی سے افغانستان ڈی پورٹ کیے جانے والے تارکین وطن کا یہ سولہواں گروپ ہے۔
آج افغانستان پہنچنے والے مہاجرین سمیت اب تک جرمنی سے تین سو چھیاسٹھ ایسے افراد کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔
قندوز صوبے سے تعلق رکھنے والے تئیس سالہ نوجوان بصیر الم زادہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جرمنی واپس جانے کی امید ترک نہیں کی کیونکہ اُن کے بچے اور بیوی وہاں رہ رہے ہیں۔ الم زادہ ملک بدر کیے جانے سے پہلے آٹھ سال تک جرمنی میں مقیم رہا تھا۔
جرمنی سے پناہ گزینوں کو واپس بھیجے جانے کے معاملے پر اس عمل کے مخالفین سخت تنقید کرتے ہیں کیونکہ اُن کی رائے میں افغانستان جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ اور طالبان کی جانب سے مسلسل کیے جانے والے حملوں کی زد میں ہے اور اس حوالے سے اب بھی ایک خطرناک ملک ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے میں افغان مہاجرین اور مہاجرین کے حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جرمنی میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے جاتے رہے ہیں۔ ان مظاہرین کا موقف ہے کہ افغانستان محفوظ علاقہ نہیں ہے لہذا وہاں مہاجرین کو واپس بھیجنا درست فیصلہ نہیں۔
رواں ہفتے ہی ننگر ہار صوبے میں ایک خود کش بم حملے میں کم سے کم اڑسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ص ح / ا ا / نیوز ایجنسی