جرمن گائیوں نے جنگلی خوکچہ گود لے لیا
4 اکتوبر 2022یہ واقعہ قریب تین ہفتے قبل وسطی جرمنی کے ایک چھوٹے سے قصبے بریفوئرڈے میں پیش آیا۔ اس قصبے کے ایک کسان فریڈرش شٹاپل نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ وہ ایک روز اپنی گائیوں کے ریوڑ میں ایک جنگلی سؤر کے چھوٹے سے بچے کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔
کسان فریڈرش شٹاپل کے مطابق یہ خوکچہ (خنریز کا چھوٹا سا بچہ) ممکنہ طور پر اس وقت اپنے خاندان سے بچھڑ کر راستہ بھول گیا تھا، جب جنگلی سؤروں کا یہ کنبہ ایک قریبی دریا عبور کر رہا تھا۔
شٹاپل نے بتایا کہ وہ جانتا ہے کہ جنگلی سؤر کسی طرح زرعی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچاتے اور انہیں تباہ کر دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے اس خوکچے کو اپنی گائیوں کے ریوڑ سے علیحدہ کر کے جنگل کی طرف بھگا دینا مناسب نہ سمجھا۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ شٹاپل کی گائیوں نے اس خوکچے کو ایک طرح سے گود لے لیا تھا اور چرنے کے لیے چراگاہ جاتے ہوئے بھی وہ اس کم عمر جانور کو ساتھ لے جاتی ہیں اور اس کی دیکھ بھال کرتی ہیں، شٹاپل نے اپنے قصبے کے تمام شکاریوں کو بھی منع کر دیا کہ ان میں سے کوئی بھی اس جنگلی خوکچے کا شکار کرے اور نہ ہی اسے کوئی نقصان پہنچائے۔
دریں اثنا شٹاپل نے اس خوکچے کا نام 'فریڈا‘ بھی رکھ دیا ہے اور یہ 'لے پالک اپنی متبادل ماؤں‘ کے ساتھ ان کے باڑے میں ہنسی خوشی وقت گزار رہا ہے۔
فریڈرش شٹاپل نے ڈی پی اے کو بتایا، ''گائیوں کے لیے سخت سردی میں باڑےکا اندرونی ماحول گرم رکھنے کا کافی انتظام ہوتا ہے اور یہ خوکچہ ان گائیوں کے ہمراہ سکون سے سارا موسم سرما اسی باڑے میں گزار سکے گا۔‘‘
م م / ش ر (ڈی پی اے)