1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر کے لئے اعلیٰ ترین امریکی اعزاز

18 نومبر 2010

امریکہ کا سب سے بڑا غیر فوجی اعزاز، ’صدارتی تمغہ ء آزادی‘ 56 سالہ خاتون جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QCBi
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: dpa

امریکی صدر باراک اوباما نے جرمن چانسلر کو اس اعزاز کا حقدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے، ’جرمن چانسلر بارہا آزادی کو ہی اپنی زندگی کا خوشگوار ترین تجربہ قرار دے چکی ہیں‘۔

باراک اوباما نے مجموعی طور پر پندرہ شخصیات کو اس اعزاز کا حقدار قرار دیا ہے۔ ان میں سابق صدر بش سینیئر، سرمایہ کار وارین بفیٹ اور شاعر مایا اینجیلوشامل ہیں۔ اعزاز پانے والی دیگر شخصیات کا تعلق کھیلوں، سماجی حقوق کی تنظیموں اور فن کی دنیا سے ہے۔ اعزاز پانے والی شخصیات کو اگلے سال کی شروعات میں وائٹ ہاؤس مدعو کیا جائے گا اور انہیں ایوارڈز دئے جائیں گے۔

اوباما کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ٫ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ان افراد نے اپنی کوششوں سے غیر معمولی زندگیاں گزاریں، ہم سب کو متاثر کیا، ہماری تہذیب کو مزید نکھارا اور ہمارے ملک اور پوری دنیا کو ایک بہتر جگہ بنایا۔‘

Medal of Freedom / Freiheitsmedaille / USA / Merkel
میڈل آف فریڈمتصویر: U.S. federal government

17 جولائی 1954ء کو پیدا ہونے والی انگیلا میرکل نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ سابقہ مشرقی جرمنی میں گزارا۔ زمانہ ء طالب علمی میں وہ جرمن نوجوانوں کی تنظیم ’فرائی ڈوئچ یوگنڈ یعنی آزاد جرمن نوجوان‘ کی رکن رہیں۔ طبیعات میں پی ایچ ڈی کرنے والی انگیلا میرکل نے 80ء کی دہائی کے اواخر میں سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کیا۔ اسی زمانے میں جرمنی کو منقسم رکھنے والی دیوار ء برلن کا انہدام ہوا تھا۔ وہ مشرقی جرمنی میں ہونے والے پہلے آزاد انتخابات میں عبوری حکومت کی ترجمان نامزد کی گئیں تھیں۔

اتحاد کے بعد وہ 1990ء کے انتخابات میں جرمن پارلیمان کی رکن بنیں۔ سابق جرمن صدر ہیلمٹ کوہل کے دور میں انگیلا میرکل وزیر برائے خواتین و نوجوانان رہیں جبکہ 1994ء میں وزارت ماحولیات و جوہری توانائی کا قلمدان ان کے پاس رہا۔ انہوں نے 30 دسمبر 1998ء کو کیماء دان یوآخم زاور سے شادی کی۔

انگیلا میرکل اس وقت متحدہ وفاقی جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر ہیں۔ انہیں حال ہی میں دوسری مدت کے لئے جرمنی کی حکمراں قدامت پسند جماعت کرسچیئن ڈیموکریٹ یونین کا چئیر پرسن بھی منتخب کیا گیا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں