جرمن چانسلر کے دفتر کی عمارت کے گیٹ سے کار ٹکرا گئی
25 نومبر 2020جرمن دارالحکومت برلن میں آج بدھ پچیس نومبر کی صبح تقریباﹰ دس بجے کے وقت ایک کار جرمن چانسلر کے دفتر کی عمارت کے داخلی گیٹ سے ٹکرا گئی۔
پولیس کا کہنا ہے اس واقعے میں زیادہ نقصان تو نہیں ہوا اور ابھی کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی نہیں کی گئی۔ تاہم عمارت کا گیٹ معمولی سا ٹیڑھا ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور کابینہ کے دیگر ارکان بالکل محفوظ ہیں اور ان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
ڈی ڈبلیو کی صحافی جیولیا سعودیلی نے جائے وقوعہ سے مزید تصاویر ٹویٹ کی ہیں۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد گاڑی کے ڈرائیور کو چانسلر دفتر کے سامنے سے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ برلن پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ زیر حراست شخص کی عمر 54 برس بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چانسلر دفتر کے گیٹ سے ٹکرانے والی اس کار پر دو نعرے بھی درج تھے۔ گاڑی کے ایک جانب لکھا تھا، ’’میں بچوں اور معمر افراد کے قتل کی مذمت کرتا ہوں‘‘ اور دوسری جانب لکھا تھا، ’’عالمگیریت کی سیاست روکی جائیں۔‘‘
گاڑی کی رجسٹریشن جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے علاقے لپے کی بتائی گئی ہے۔
ع آ / ع ا (روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)