جرمن چانسلر کا دورہ امریکہ
25 جون 2009وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل جمعرات کو امریکہ پہنچ رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں انگیلا میرکل اورامریکی صدر باراک اوباما کی بالمشافہ ملاقات امکاناً تین گھنٹوں پر محیط ہو سکتی ہے۔ صدر اوباما کا بطور امریکی صدر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد چانسلر میرکل کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہوگا جب کہ امریکی صدر دو مرتبہ برلن کا دورہ کر چکے ہیں۔
امریکی صدر اور جرمن چانسلر کی ملاقات جمعہ کو ہونا طے ہے۔ امریکی صدر کے علاوہ چانسلر میرکل ایوانِ نُمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گی۔
جرمن حکومتی ذرائع کے مطابق امریکہ اور جرمنی کے درمیان ایران کے متنازعہ الیکشن کے حوالے سے اتفاق پایا جاتا ہے۔ دونوں ملکوں کی جانب سے ایران کے صدارتی انتخابات کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں اور اُن کو حکومتی طاقت سے کنٹرول کرنے کی مذمت کی جا چکی ہے۔
اِس کے علاوہ دونوں رہنما ؤں کی ملاقات کے دوران جرمن چانسلر تحفظ ماحولیات جیسے معاملات میں امریکی معاونت کی ضرورت پر بھی اظہارِ خیال کریں گی۔ امریکی معاونت سے اِس سال دسمبر میں یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں شروع ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں کیوٹو پروٹوکول کے متبادل کسی معاہدے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
جرمن چانسلر اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جو دوسرے معاملات زیر بحث آ سکتے ہیں، اُن میں نیٹو کا افعانستان مشن، امریکی صدر کے قاہرہ میں خطاب کے بعد کا ردِ عمل، اور روس کے ساتھ تعلُقات کی نوعیت نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی مالیاتی بحران کاموضوع بھی زیر بحث آنے کی قوی امید ہے۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو اس دورے کے دوران ایرک واربُرنگ پرائز سے نوازا جائے گا۔ یہ انعام جرمن امریکی تعلُقات میں خیرسگالی اور گرم جوشی پیدا کرنے والی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔ انگیلا میرکل سے قبل یہ انعام سابق امریکی صدر جورج ایچ ڈبلیوبش اور امریکی سفارت کار ہنری کسنگر کو دیا جا چکا ہے۔
عابد حسین
ادارت:عاطف بلوچ