1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر سے برطانوی وزیر اعظم کی ملاقات

افسر اعوان15 جنوری 2009

دارلحکومت برلن میں برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے جرمن چانسلر اینگلا میرکل سے ملاقات کی ہے ۔

https://p.dw.com/p/GZK0
اینگلا میرکل، برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کے ہمراہتصویر: AP

غزہ میں بڑے پیمانے پر عام شہریوں کی ہلاکت اور اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے وہاں پیدا ہونے والے انسانی بحران، روس یوکرائن گیس تنازعے اور دنیا کو درپیش اقتصادی مسائل کے تناظر میں اس ملاقات کو بہت زیادہ اہمیت دی جاری ہے۔

برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کے ساتھ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ غزہ میں پیدا ہونے والے شدید انسانی بحران کی وجہ سے فوری جنگ بندی کے لئے دباؤ بڑھانے کی ضرورت بڑھتی جارہی ہے۔ میرکل نے فوری جنگ بندی کے لئے حماس کو اسلحے کی فراہمی روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں مصر اور غزہ پٹی کے درمیان اسلحے کی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق ایک معاہدہ ہونا انتہائی اہم ہے ۔ انگیلا میرکل نے اسلحے کی ترسیل روکنے کے لئے دونوں ممالک کی جانب سے تیکنیکی امداد فراہم کرنے بھی پیشکش کی۔

اینگلا میرکل کا کہنا تھا: "جرمنی اور برطانیہ دونوں اس سلسلے میں تکنیکی امداد کی فراہمی کے لئے تیار ہیں۔ تاہم غزہ میں پائے جانے والے انسانی بحران کے پیش نظربلا تاخیر جنگ بندی پر زور دیا جانا چاہئے۔"

غزہ کی صورتحال کے حوالے سے برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئےاپنے ملک کی جانب سے ہرممکن مدد کا یقین دلایا۔

جرمن چانسلر اینگلا میرکل نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی جرمن حکومت میں شامل جماعتوں کی طرف سے منگل کے روز منظور کیے جانے والے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی سے متعلق دوسرے پیکیج کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پیکیج نہ صرف جرمنی بلکہ تمام یورپ کی تجارتی، اقتصادی اور مالیاتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے موثر قرار ہوگا۔

میرکل نے کہا: "اس پیکیج کے ذریعے جرمنی کو وہ تمام تجارتی متبادل میسر ہو گئے ہیں جس کی اسے ضرورت ہے۔ اس طرح جرمنی یورپی اقتصادیات اور تجارت کو متحرک بنانے کے لئے بھی اہم کردار ادا کرسکے گا۔"

روس اور یوکرائن کے درمیان گیس تنازعے کی وجہ سے مغربی یورپ کے بہت سے ممالک کو درپیش مسائل پر دونوں رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ جرمن چانسلر میرکل نےکہا کہ گیس تنازعے کے حوالے سے اس ہفتے ہونے والے واقعات نے اس بات کی ضرورت کو اور زیادہ اجاگر کر دیا ہے کہ روس اور یوکرائن اس حوالے سے بیٹھ کر بات کریں اور آپس میں موجود مسائل کو حل کریں۔ میرکل کےمطابق اس تنازعے کی ایک وجہ دونوں ممالک کے درمیان موجود سیاسی تنازعات بھی ہیں جس کے لئے انہوں نے روس اور یوکرائن سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔