جرمن پوليس نے کوڑے سے 280,000 يورو کی پينٹنگ برآمد کر لی
11 دسمبر 2020ايک بزنس مين ڈسلڈورف کے بين الاقوامی ہوائی اڈے کے ايک چيک ان کاؤنٹر پر غلطی سے اپنی ملکيت ايک قيمتی پينٹنگ بھول گيا تھا۔ جرمن پوليس نے جمعرات کو جاری کردہ ايک بيان ميں اس واقعے کی تصديق کی، جو نومبر کے اواخر ميں پيش آيا۔ مذکورہ شخص، جس کا نام ظاہر نہيں کيا گيا، نے کارڈ بورڈ کے چاليس سے ساٹھ سينٹی ميٹر کے ايک گتے کے ايک ڈبے ميں يہ پينٹنگ ڈالی ہوئی تھی، جو وہ چيک ان کاؤنٹر پر بھول گيا۔
12,638 ہيروں والی ناياب انگوٹھی کسے پہننا نصيب ہو گی؟
اليکٹرک بائيک کی بيٹری پھٹنے سے مکان تباہ، دو لاکھ يورو کا نقصان
فرانسيسی مصور يوس ٹينگائے کی اس پينٹنگ کی ماليت تقريباً 280,000 يورو يا 340,000 ڈالر ہے۔ پوليس نے پينٹنگ کا نام نہيں بتايا۔
مذکورہ کاروباری شخص پينٹنگ کو کاؤنٹر کے ساتھ رکھنے کے بعد بھول کر تل ابيب کے ليے اپنی پرواز پر چڑھ گيا۔ جہاز پر چڑھنے کے بعد اسے خيال آيا کہ وہ اپنی ايک اہم شے بھول آيا ہے۔ اسرائيل آمد کے بعد اس نے مغربی جرمنی کے شہر ڈسلڈورف کی پوليس سے رجوع کيا اور ای ميلز کے ذريعے واقعے کی تفصيلات بيان کيں۔ خبر ملتے ہی پوليس نے تلاشی شروع کر دی مگر کچھ پتا نہ چلا۔
سال کا سب سے مزيدار کيس
ابتدائی طور پر کيس ميں پيش رفت نہ ہو سکی۔ ليکن پھر مذکورہ شخص کا ايک رشتہ دار بيلجيم سے جرمنی پہنچا تاکہ باقاعدہ طور پر رپورٹ درج کرا سکے۔ وہ ايئر پورٹ کے پاس واقع پوليس اسٹيشن گيا اور وہاں رپورٹ درج کرائی۔ پھر يہ کيس انسپيکٹر ميشائل ڈيٹز کے پاس پہنچا، جنہوں نے فوراً ايئر پورٹ پر صفائی وغيرہ کے کام کی نگران کمپنی سے رابطہ کيا۔ ايئر پورٹ انتظاميہ کے ارکان کے ساتھ کوڑے کرکٹ والی تمام جگہوں کی تفصيلی تلاشی لی گئی۔
بعد ازاں پوليس بيان ميں تصدق کی گئی، ' پينٹنگ ايک کوڑے کے ڈبے کے اندر سب سے نيچے پڑی ہوئی تھی۔‘‘ پينٹنگ کے مالک کو اس ہفتے بدھ کے روز يہ پينٹنگ واپس دے دی گئی۔
پوليس ترجمان آندرے ہارٹ وگ نے ايسوسی ايٹڈ پريس کو بتايا، ''يہ ہمارے ليے اس سال کا سب سے پر مسرت کيس ثابت ہوا۔ يہ واقعی تفتيشی کام تھا۔‘‘
ع س / ع ح (ڈی پی اے، اے پی)