1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پارلیمنٹ سے پاپائے روم کا خطاب

23 ستمبر 2011

جرمنی سے تعلق رکھنے والے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانز دہم نے گزشتہ شام جرمن پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کیا۔ پوپ ان دنوں جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔

https://p.dw.com/p/12exb
پوپ بینیڈکٹ شانزدہم برلن میںتصویر: picture alliance/dpa

پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے سیاستدانوں کو ہدایت کی کہ وہ اقتدار اور طاقت کے حصول کے لیے اخلاقی اصولوں کو مت قربان کریں۔ اس مناسبت سے انہوں نے نازی جرمنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جرمن اپنے ماضی سے آگاہ ہیں کہ جب صاحبان اقتدار بدعنوان ہوئے تو کیسے حالات رونما ہوئے تھے۔

پوپ نے اپنے خطاب میں درد مند دل کو عصر حاضر کا بہت بڑا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے دل والے حضرات نیکی اور بدی کے درمیان جاری کشمکش میں کامیاب ہوں گے۔

 اپنی تقریر میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے سیاسی انداز فکر کی جگہ اخلاقیات اپنی تقریر کا حصہ بنایا۔ مجموعی طور پر ان کی تقریر پر فلسفیانہ رنگ حاوی تھا۔ انہوں نے جرمن عوام پر زور دیا کہ وہ مذہب کواپنی زندگیوں میں سے کسی طور نظر انداز نہ کریں۔ جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے پوپ نے جرمنی کی ماحول دوست ایکولاجیکل تحریک کی حمایت بھی کی۔ انہوں نے اس تحریک کو تازہ ہوا کے جھونکے سے تعبیر کیا۔

Papstbesuch Deutschland 2011 Treffen mit jüdischen Vertretern
یہودیوں کے وفد سے بھی پوپ نے برلن میں ملاقات کیتصویر: dapd

پوپ کی تقریر بیس منٹس تک جاری رہی۔ پارلیمنٹ پہنچنے پر ان کا استقبال اسپیکر نوربٹ لامرٹ نے کیا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں نوربٹ لامرٹ کا کہنا تھا کہ مذہب اور مذہبی جنگیں جرمن تاریخ کا حصہ ہیں اور مذہبی روایات سے موجودہ جرمن دستور واضح طور پر متاثر ہے۔ ایک سو کے قریب ممبران نے پوپ کے خطاب کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

تقریر کے بعد پوپ بینیڈکٹ شانز دہم نے پندرہ رکنی یہودی وفد سے ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات میں پاپائے روم نے نازی دور حکومت کے سربراہ اڈولف ہٹلر کو ایک بے دین شخص قرار دیا، جو مذہب دشمن تھا۔

پوپ بینیڈکٹ شانز دہم کا جرمنی کا پہلا سرکاری دورہ جمعرات سے شروع ہوا ہے۔ اگلے دنوں میں وہ یہودی اور مسلمان قومیتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس دوران وہ تین خصوصی دعائیہ اجتماعوں میں شرکت بھی کریں گے۔ ایک بڑی مذہبی سروس لوتھرین چرچ کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔

رپورٹ:  عابد حسین  ⁄  خبر رساں ادارے

ادارت:  عاطف بلوچ     

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں