1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خزانہ کی جانب سے ٹریڈ سرپلس کا دفاع

ندیم گِل8 جنوری 2014

جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے نے اپنے ملک کے ٹریڈ سرپلس کا دفاع کیا ہے۔ ان کا یہ بیان امریکی سیکرٹری خزانہ جیکب لیو کے دورہ برلن کے موقع پر سامنے آیا۔ امریکا جرمنی پر درآمدات بڑھانے کے لیے زور دیتا آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1An4l
جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلےتصویر: Reuters

امریکی سیکرٹری خزانہ جیکب لیو نے بدھ کو جرمنی کا دورہ کیا۔ اس دورہ یورپ میں ان کی اگلی منزل فرانس ہے جبکہ وہ پرتگال بھی جائیں گے۔

انہوں نے برلن میں جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے سے ملاقات کی۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہی جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں جرمنی کی برآمدات درآمدات کے مقابلے میں مزید بڑھ گئی ہیں۔

امریکا پہلے ہی جرمنی اور دیگر یورپی ملکوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنی درآمدات بھی بڑھائیں تاکہ مقامی طلب اور سرمایہ کاری کو سہارا دیا جا سکے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکا کا مؤقف رہا ہے کہ جرمنی سمیت بعض یورپی ممالک برآمدات پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرتے ہیں اور درآمدات کے ذریعے اٹھارہ رکنی یورو زون کی دیگر معیشتوں کے فروغ میں معاون ثابت نہیں ہو رہے۔ تاہم شوئبلے نے کہا ہے کہ جرمنی کا ٹریڈ سرپلس یورو زون کی برآمدات کی کارکردگی میں معاون کردار ادا کر رہا ہے۔

USA Jack Lew in Athen 21.07.2013
امریکی سیکرٹری خزانہ جیکب لیوتصویر: Pantelis Saitas/AFP/Getty Images

خیال رہے کہ جرمنی کی نئی حکومت انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے جبکہ کم از کم اجرت کی نئی سطح طے کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

بدھ کو جرمنی کے وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں جرمنی کی برآمدات کا حجم 93.2 بلین یورو رہا جبکہ اکتوبر میں 92.9 بلین یورو رہا تھا۔ دوسری جانب درآمدات کا حجم ایک اعشاریہ ایک فیصد کمی کے ساتھ 75.4 بلین یورو رہا ہے۔

یورو زون کی سطح پر جرمنی کی برآمدات میں نومبر تک ایک سال کے عرصے میں صفر اعشاریہ ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ درآمدات ایک اعشاریہ صفر فیصد تک کم ہو گئی ہیں۔

اسی طرح یورپی یونین کی سطح پر جرمنی کی برآمدات میں ایک اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ دیگر یورپی رکن ملکوں سے درآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار کے تناظر میں جرمنی پر دباؤ مزید بڑے گا۔ نیٹِکسس بینک کے ماہرِ اقتصادیات یوآنس گاریس کا کہنا ہے: ’’واضح طور پر، یہ اعداد و شمار ان لوگوں کو ایک مرتبہ پھر کچھ کہنے کا موقع دیں گے جو یورو زون کو متوازن بنانے کے لیے جرمنی پر زور دیتے رہے ہیں۔‘‘