1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن صدر ہورسٹ کوہلر بھارت میں

1 فروری 2010

جرمن صدر کے اس دورے کے دوران ان کے ساتھ جرمن صنعت و تجارت کا ايک اعلٰی سطحی وفد بھی نئی دہلی پہنچا ہے جو نئی دہلی اور ممبئی ميں بھارتی صنعت اور اقتصاديت کے نمائندوں سے بات چيت کرے گا۔

https://p.dw.com/p/Lohn
جرمن صدر ہورسٹ کوہلر اپنی بھارتی ہم منصب پرتبھا پاٹل اور وزیر اعظم من موہن سنگھ سے بھی ملاقات کریں گےتصویر: picture alliance / dpa

جرمن صدر ہورسٹ کوہلراپنے ايشيا کے دس روزہ دورے کی پہلی منزل بھارت پہنچ چکے ہيں جس کے بعد وہ جنوبی کوريا جائيں گے۔ جنوبی کوريا کی پچاس سالہ تاريخ کاميابيوں سے پُر ہے اوراُس کی معيشت آج دنيا کی بہت دولتمند معيشتوں ميں شمار ہوتی ہے۔ ليکن بھارت کی زيادہ تر آبادی آج بھی غربت کی شکار ہے اوراُسے سماجی کشيدگی کا سامنا ہے۔ تاہم پچھلے سال بھارت کی اقتصادی نمو کی شرح 8 فيصد رہی اور يوں وہ جرمنی کا اہم اقتصادی اور تجارتی ساتھی ہے۔

بھارت کی 80 فيصد آبادی کو روزانہ ڈھائ امريکی ڈالر سے بھی کم پرگذارا کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ پچھلے سال اُس کی اقتصادی نمو کی شرح بہت اچھی رہی ليکن اُس کی غريب آبادی کا تناسب تمام افريقی ملکوں کی غربت کی مجموعی آبادی سے بھی زيادہ ہے۔

جرمنی کے ایک تھنک ٹینک اور سياسی اور سائنسی علوم کی فاؤنڈيشن SWP سے منسلک کے بھارتی امور کے ماہر کرسچيان واگنر کے مطابق بھا رتی منڈی کے دروازے غير ممالک کے لئے کھلنے کے ساتھ اُس کی داخلی منڈی ميں جرمن تجارتی کاروباری اداروں کی شرکت کے مواقع ميں بھی بہت نماياں اضافہ ہوگيا ہے۔ اس وقت جرمنی کو بھارت ميں سرمايہ کاری کے بہت اچھے مواقع حاصل ہيں۔ بھارت ميں ہر سال کئی ہزار انجينئر فارغ ا لتحصيل ہوتے ہيں اور جرمن فرمز مسلسل اُن سے زيادہ فائدہ اٹھا رہی ہيں۔ اُنہوں نے اپنی خدمات کا ايک بڑا حصہ بھارت منتنقل کرديا ہے۔ جرمن يونيورسٹياں بھی بھارتی يونيورسٹيوں، تحقیقی اداروں اور دوسرے ساتھی اداروں کے ساتھ تعاون ميں اضافے کی کوشش کررہی ہيں۔

جرمن صدر کے اس دورے کے دوران ان کے ساتھ جرمن صنعت و تجارت کا ايک اعلٰی سطحی وفد بھی نئی دہلی پہنچا ہے، جو نئی دہلی اور ممبئی ميں بھارتی صنعت اور اقتصاديت کے نمائندوں سے بات چيت کرے گا۔ دہلی ميں بھارتی دانشوروں کے ساتھ بھی ملاقات کا پروگرام رکھا گيا ہے۔ بھارتی امور کے جرمن ماہر واگنر نے کہا کہ يہ بھارتی دانشور بھارت کے علاوہ بيرونی ممالک ميں بھی بھارتی برادری کے لئے ايک اہم کردار ادا کرتے ہیں ليکن جرمنی ميں ان پر کوئی خاص توجہ نہيں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ميں تمام داخلی سياسی موضوعات پر بھر پور بحث کی جاتی ہے۔ بھارتی دانشور امريکہ يا برطانيہ ميں بھی سياسی بحث و مباحثے ميں نماياں طور پر حصہ ليتے ہيں۔ اس سے وہاں جاری سياسی بحث کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔

جرمن صدر ہورسٹ کوہلرآئندہ اتوار کو مومبئی سے جنوبی کوريا کے دارالحکومت سول کے لئے روانہ ہوں گے۔ماہرين کا اندازہ ہے کہ جنوبی کوريا، عالمی اقتصادی بحران سے نکلتے ہوئے اب ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ جنوبی کوريائی حکومت نے اپنے اقتصادی سرگرميوں ميں اضافے کے پروگرام ميں پائيدار اور ماحول دوست پاليسی کو جگہ دے کر ايک نيا موڑ ليا ہے۔ صدر کوہلر سیول ميں جنوبی کوريائی معيشت کے نمائندوں سے بھی ملاقات کريں گے۔

رپورٹ :شہاب احمد صدیقی

ادارت: کشور مصطفی