جرمن شہر ہیمبرگ میں افغان شہری کا قتل
14 جولائی 2018خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے جرمن حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کے دن ہیمبرگ شہر میں ایک افغان شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مقتول کی عمر چھبیس برس بتائی گئی ہے۔ اس حملے کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا ہے تاہم پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر کے چھان بین کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ہیمبرگ پولیس کے ترجمان اولف وُندراک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قتل کا یہ واقعہ جمعے کی دوپہر کو رونما ہوا اور مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تئیس سالہ ملزم نے کار میں سوار ہو کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ مشتبہ حملہ آور افغان نژاد جرمن شہری ہے۔ وُندراک کا مزید کہنا تھا کہ اس خونزیز تشدد کے محرکات کیا ہیں؟ یہ ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مقتول ہیمبرگ میں واقع ایک فٹنس سینٹر سے جب باہر نکلا تو اسے گولی مار دی گئی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منظم مجرمانہ کارروائی تھی۔ پولیس حکام نے میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ مقتول جب فٹنس سینٹر سے باہر نکل کر پارکنگ ایریا میں آیا تو مشتبہ حملہ آور وہاں پہلے سے موجود تھا، جس نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے بعد جب مشتبہ حملہ آور نے اپنی کار میں سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس تشدد کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی جبکہ پولیس ایک ہیلی کاپٹر بھی فضا میں اڑتا دیکھائی دیا۔
ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے