جرمن سپر کپ، ڈورٹمنڈ نے میونخ کو مات دے دی
4 اگست 2019ہفتے کی شب ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے جرمن سپر کپ کے فائنل میں انگلش اسٹار کھلاڑی جیڈون سانچیز اور ہسپانوی فارودرڈ پاکو الکسار کی کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے جرمن تاریخ ساز کلب بائرن میونخ کو چاروں شانے چت کر دیا۔ اگر میوںخ یہ فائنل جیت جاتا تو اس کی سپر کپ میں یہ چوتھی مسلسل کامیابی ہوتی۔ اس سیزن میں بائرن میوںخ بنڈس لیگا اور جرمن کلب کے ٹائٹلز پہلے ہی سمیٹ چکا تھا۔
پہلے ہاف میں یہ کھیل بغیر کسی گول کے برابر تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز پر ہی الکسار نے اڑتالیسویں منٹ میں پہلا گول کر کے ڈورٹمنڈ نے برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد میونخ کی ٹیم اپنے حملوں میں تیزی لے آئی لیکن اسی دوران انیس سالہ سانچیز نے موقع ملتے ہی 68 ویں منٹ میں دوسرا گول داغ دیا۔ یوں یہ اسکور بورڈ فیصلہ کن ثابت ہوا۔
سن دو ہزار سترہ کے بعد ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے پہلی مرتبہ کوئی ٹرافی اٹھائی ہے۔ ڈورٹمنڈ کے کوچ لوسیاں فاوری نے میچ کے بعد کہا، ''ہم چاہتے تھے کہ یہ میچ جیت لیا جائے، یہ بہت مشکل تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بائرن میونخ ایک مضبوط ٹیم ہے اور وہ بہت اچھا کھیلی لیکن آخر کار ڈورٹمنڈ کی ٹیم اپنے پلان کے مطابق کھیلی اور کامیاب ہو گئی۔
بائرن میونخ کے کپتان اور جرمن اسٹار مانوئل نائر نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم کی غلطیاں مہنگی ثابت ہوئیں، ''ہم نے متعدد غلطیاں کر کے یہ میچ ڈورٹمنڈ کے حوالے کر دیا۔‘‘ نائر کے مطابق میونخ کے کھلاڑیوں کی غلطیوں کی وجہ سے ڈورٹمنڈ کو موقع ملے اور یوں گول ہوئے۔
ع ب / ش ح / خبر رساں ادارے