1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ادب کا باخ مان پرائز سلووینیہ کی مصنفہ آنا مروان کے نام

26 جون 2022

جرمن زبان میں لکھے جانے والے ادب کا امسالہ اِنگے بورگ باخ مان پرائز سلووینیہ کی مصنفہ آنا مروان نے جیت لیا ہے۔ اس وقت بیالیس سالہ آنا مروان جرمنی کے ہمسایہ ملک آسٹریا میں رہتی ہیں اور جرمن زبان میں لکھتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4DGsd
تصویر: Gert Eggenberger/APA/dpa/picture alliance

آنا مروان کو جرمن زبان کے ادب کا یہ مؤقر انعام دینے کا فیصلہ آسٹریا کے شہر کلاگن فُرٹ میں کیا گیا۔ اسی آسٹرین شہر میں اتوار چھبیس جون کو وہ کئی روزہ چھیالیسواں ادبی اجتماع بھی اپنے اختتام کو پہنچا، جو 'جرمن زبان میں لکھے جانے والے ادب کے دن‘ کہلاتا ہے اور جس کا اختتام آنا مروان کو اِنگے بورگ باخ مان پرائز دیے جانے کی تقریب کے ساتھ ہوا۔

Ingeborg-Bachmann-Preis 2021 | Nava Ebrahimi, Autorin
گزشتہ برس یہ جرمن ادبی انعام پیدائشی طور پر ایران سے تعلق رکھنے والی آسٹرین مصنفہ نوا ابراہیمی کو دیا گیا تھاتصویر: ORF/LST KÄRNTEN/dpa/picture alliance

یہ جرمن ادبی انعام ہر سال دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ اس اعزاز کے حق دار مصنف یا مصنفہ کو 25 ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔ سال رواں کا اِنگے بورگ باخ مان پرائز جیتنے والی آنا مروان آسٹریا کے صوبے زیریں آسٹریا میں رہتی ہیں۔

آنا مروان کو یہ ادبی اعزاز دینے کا فیصلہ کرنے والی جیوری نے اپنے فیصلے میں کہا، ''آنا مروان آبائی طور پر تو سلووینیہ سے تعلق رکھتی ہیں، مگر وہ جرمن زبان میں اپنی تخلیقی سوچ اور تصنیفات کو شکل ایسے دیتی ہیں کہ جیسے وہ کسی دوسری زبان والے معاشرے میں کبھی رہی ہی نہ ہوں۔ وہ اپنی تصنیفات میں جرمن زبان کو اپنی ذات سے بھی آگے رکھتے ہوئے چلتی ہیں۔‘‘

عالمی شہرت یافتہ جنوبی افریقی ادیب ولبر اسمتھ انتقال کر گئے

اس سال کلاگن فُرٹ میں جرمن زبان کے ادب کا یہ سالانہ اجتماع کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دو سال تک مکمل یا جزوی منسوخی کے بعد پہلی اس طرح منعقد ہوا کہ اس میں جرمن زبان میں لکھنے والے 14 ادیبوں نے ذاتی طور پر کئی روز کے لیے شرکت کی۔

Schriftstellerin Helga Schubert Porträt
جرمن زبان میں لکھے جانے والے ادب کا انگے بورگ باخ مان پرائز دو سال قبل جرمن مصنفہ ہیلگا شوبرٹ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھاتصویر: ORF/dpa/picture alliance

یہ انعام آسٹریا کی مشہور ادیبہ اِنگے بورگ باخ مان کے نام پر جاری کیا گیا تھا، جو کلاگن فُرٹ ہی میں پیدا ہوئی تھیں۔ 1926ء میں پیدا ہونے والی باخ مان کا انتقال 1973ء میں ہوا تھا۔

آنا مروان کا ردعمل

آنا مروان نے اِنگے بورگ باخ مان انعام وصول کرنے کے بعد اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا کہ ان کے لیے یہ انعام حاصل کرنا بہت بڑا اعزاز ہے اور اس کے لیے وہ جیوری کی شکر گزار بھی ہیں۔ انہوں نے کہا، ''میرا خیال ہے کہ میری تحریریں مجھ سے کہیں زیادہ اچھی باتیں کرتی ہیں۔‘‘

جرمن کتابی صنعت کا امن انعام زمبابوے کی مصنفہ دانگاریبموآ کو دے دیا گیا

آنا مروان نے سلووینیہ کے دارالحکومت لبلیانہ کی یونیورسٹی سے زبان و ادب میں ڈگری حاصل کی تھی اور 1980ء میں پیدا ہونے والی یہ مصنفہ 25 برس کی عمر میں اعلیٰ ادبی تعلیم کے لیے ویانا آئی تھیں، جس کے بعد آسٹریا ہی تقریباﹰ ان کا وطن بن گیا۔ ان کا جرمن زبان میں لکھا گیا پہلا ناول تین سال قبل شائع ہوا تھا۔

م م / ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے)