جرمن آئس ہاکی ’ہیروز‘ کے لیے چاندی کا تمغہ
25 فروری 2018جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپکس میں جرمنی آئس ہاکی ٹیم سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ فائنل میں اسے روس نے تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دی۔ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آئس ہاکی مقابلوں میں جرمن ٹیم چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کھیل ختم ہونے میں تقریباً ایک منٹ باقی تھا جب روسی کھلاڑی نے گول کرتے ہوئے جرمن ٹیم کی برتری کو ختم کر دیا۔
جرمنی نے اس فائنل تک پہنچنے کے لیے موجودہ عالمی چیمپئن سویڈن اور ریکارڈ کے حامل اولمپک چیمپئن کینیڈا کو شکست دی تھی۔ ان دونوں فتوحات کو جرمن آئس ہاکی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی کامیابیاں قرار دیا جا رہا ہے۔
چیمپئن بننے کے بعد جیسے ہی اولمپکس کا ترانہ بجایا گیا تو روسی کھلاڑیوں نے با آواز بلند اپنا قومی ترانہ گنگنانا شروع کر دیا۔ روسی کھلاڑیوں کی جانب سے صلاحیت بڑھانے والی ادویات کے استعمال کی وجہ سے سزا کے طور پر ان مقابلوں کے دوران نہ تو روسی پرچم لہرایا جا سکتا ہے اور نہ ہی روسی ترانہ بجایا جا سکتا ہے۔ اس طرح روسی کھلاڑی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
روسی کھلاڑیوں نے ایک غیر جانبدار ریاست کے ایتھلیٹس کے طور پر پیونگ چینگ کے اولمپکس میں حصہ لیا تھا۔ روس ریکارڈ مرتبہ آئس ہاکی کا عالمی چیمپئن بھی رہ چکا ہے جبکہ 1992ء کے بعد پہلی مرتبہ اولمپک چیمپئن بنا ہے۔
روس پر سرمائی اولمپکس میں شرکت پر پابندی
شمالی کوریائی وفد کی جنوبی کوریا آمد
سرمائی اولمپکس: جرمنی پہلی بار آئس ہاکی کے فائنل میں
دوسری جانب پیونگ چینگ میں ناروے 39 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جس میں سونے کے چودہ میڈلز شامل ہیں۔ جرمنی کو بھی سونے کے چودہ تمغے ہی ملے ہیں تاہم اپنے کل 31 میڈلز کے ساتھ جرمنی دوسرے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں تیسرا نمبر کینیڈا کا ہے، جسے کل 29 میڈلز ملے ہیں اور ان میں سونے کے گیارہ تمغے ہیں۔
جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپکس نو فروری سے شروع ہوئے تھے اور آج پچیس تاریخ کو ان کا باقاعدہ اختتام ہو رہا ہے۔ اب 2022ء میں ونٹر اولمپکس چار سے بیس فروری تک چینی شہر بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔