1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی ہائی ٹیک ٹائلٹ کمپنی کی نگاہیں اب یورپ پر

31 مارچ 2023

جلد ہی اب زیادہ یورپی باشندے ایسے واٹرجیٹ والے گرم بیت الخلاء کا استعمال کرسکیں گے،جوجاپان میں عام ہونے کے سبب جاپانی خاطر میں نہیں لاتے ۔ ٹائلٹ بنانے والی کمپنی ٹوٹو نے یورپ میں ان کی تیاری کا ایک پرعزم منصوبہ بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/4PXUU
Japan | Japanische Toiletten
تصویر: MAXPPP/dpa/picture alliance

ایرک فیور اور ان کے جاپانی ساتھی تین برس میں پہلی مرتبہ اس سال کے اواخر میں فرانس جانے والے ہیں لیکن ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک جاپان میں رہنے کے بعد ان کے سامنے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہیں جاپانی ٹائلٹ کی تمام آسائشوں اور سہولتوں سے محروم ہونے کا خوف ستا رہا ہے۔

 50 سالہ فیور جاپان کے دوسرے سب سے بڑے شہر یوکوہاما میں ایک لینگویج اسکول چلاتے ہے۔ وہ کہتے ہیں، "جاپان نے ہماری بہت سی عادتیں خراب کر دیں۔ وہاں کے کھانے، وقت پر چلنے والی ٹرینیں، لوگوں کا ایک دوسرے سے ہمیشہ شائستگی سے پیش آنا وغیرہ وغیرہ۔ لیکن میرے لیے جاپان میں رہنے کا ایک بہترین سبب وہاں کے ٹائلٹ ہیں۔"

جاپان: ٹائلٹ پیپر کی مدد سے نوجوانوں کو خود کُشی سے روکنے کی مہم

وہ کہتے ہیں، "اس سارے عرصے میں میں نے اسے کوئی خاص اہمیت نہیں دی، لیکن میں جانتا ہوں کہ اب جب میں ٹولوز اور اس کے اطراف میں رہنے والے اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں بیت الخلاء استعمال کروں گا تو مجھے جاپانی ٹائلٹ کی بہت یاد آئے گی۔"

ان ٹائلٹس میں ایسے پینل کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ صارف درجہ حرارت کو ایڈجسٹ کرسکتا ہے، حتی کہ ناپسندیدہ شورکو دبانے کے لیے موسیقی یا دیگر آوازیں بجاسکتا ہے
ان ٹائلٹس میں ایسے پینل کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ صارف درجہ حرارت کو ایڈجسٹ کرسکتا ہے، حتی کہ ناپسندیدہ شورکو دبانے کے لیے موسیقی یا دیگر آوازیں بجاسکتا ہےتصویر: picture-alliance/PhotoAlto/J. Alto

ٹائلٹ کی کایا پلٹ

ٹوٹو جاپان کی باتھ روم مصنوعات بنانے والی سب سے بڑی اور مشہور کمپنی ہے، جو حقیر سمجھے جانے والے بیت الخلاء کو ہر طرح سے مکمل بنانے کے لیے دہائیوں سے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے۔

ٹوٹو نے ایسی ٹائلٹ سیٹوں کو متعارف کرانے کا آغاز کیا جو استعمال کرنے والوں کی ترجیحی پسند کے مطابق گرم ہوتی ہیں۔ اس میں دن کے کسی بھی وقت اور موسم کے مطابق درجہ حرارت کو خود کار طور پر ایڈجسٹ کرنے کی جدید ترین تکنیکی صلاحیت ہوتی ہے۔

ان ٹائلٹس میں ایسے پینل کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ صارف درجہ حرارت کو ایڈجسٹ کرسکتا ہے، زیادہ پانی ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فلش کو کنٹرول کرسکتا ہے۔ حتی کہ ناپسندیدہ شورکو دبانے کے لیے موسیقی یا دیگر آوازیں بجاسکتا ہے۔

ٹوٹو کا بلاشبہ اب تک کا سب سے اختراعی ڈیزائن والا ٹائلٹ "واشلیٹ" ہے۔

جرمنی میں ٹائلٹ ٹیکس کی چوری کا منفرد مقدمہ

امریکی اداکار لیو نارڈوڈی کیپریو ٹوٹو کے ٹائلٹ سے اتنے زیادہ متاثر ہوئے کہ انہوں نے اسے اپنی رہائش گاہ پر لگوانے کے لیے 3200 ڈالر خرچ کردیے۔ اس ٹائلٹ میں ایسے سینسر نصب ہیں جس سے جب کوئی شخص اس کے قریب جاتا ہے تو اس کا ڈھکن خود بخود کھل جاتا ہے۔ اس میں واشلیٹ کا نظام بھی شامل ہے۔

ٹوٹو کی مصنوعات یوں تو یورپ میں بھی دستیاب ہیں لیکن جاپان کے مقابلے میں بہت زیادہ معروف نہیں ہیں۔ تاہم اب اس میں تبدیلی آنے والی ہے۔

امریکی اداکار لیو نارڈوڈی کیپریو ٹوٹو کے ٹائلٹ سے اتنے زیادہ متاثر ہوئے کہ انہوں نے اسے اپنی رہائش گاہ پر لگوانے کے لیے 3200 ڈالر خرچ کردیے
امریکی اداکار لیو نارڈوڈی کیپریو ٹوٹو کے ٹائلٹ سے اتنے زیادہ متاثر ہوئے کہ انہوں نے اسے اپنی رہائش گاہ پر لگوانے کے لیے 3200 ڈالر خرچ کردیےتصویر: Hinton Jordan/Image Press Agency/ABACA/picture alliance

یورپ میں مصنوعات کی توسیع

فرینک فرٹ میں مارچ کے وسط میں گھریلو سازو سامان کی اشیاء کی بین الاقوامی نمائش کے دوران ٹوٹو کے صدر نوریاکی کیوٹا نے جاپان کے جیجی پریس کے ساتھ ایک انٹرویو میں اشارہ دیا کہ کمپنی یورپی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو وسعت دینے کا منصوبہ بنارہی ہے۔

 کیوٹا کا کہنا تھا کہ سن 2030 تک اپنی مجموعی فروخت کا 50 فیصد سے زیادہ بیرونی ملکوں میں فروخت سے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یورپ کے لیے مصنوعات جاپان اور بھارت میں تیار کیے جاتے ہیں۔

یورپی بیت الخلاء، کئی مہاجرین کے لیے معمہ

کیوٹا نے کہا کہ "ہمیں یہ مصنوعات ان ملکوں میں ہی تیار کرنے چاہئیں جہاں یہ استعمال ہوتے ہیں۔" انہوں نے اس سلسلے میں جرمنی کے ڈسلڈورف میں کمپنی کانیا پروڈکشن یونٹ قائم کرنے کی بات کہی۔

ٹوٹو کا بلاشبہ اب تک کا سب سے اختراعی ڈیزائن والا ٹائلٹ "واشلیٹ" ہے
ٹوٹو کا بلاشبہ اب تک کا سب سے اختراعی ڈیزائن والا ٹائلٹ "واشلیٹ" ہےتصویر: Everett Kenndy Brown/EPA/picture alliance

 صفائی اور حفظان صحت

ایک مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ واشلیٹ کی خریداری کی واحد سب سے اہم وجہ صفائی اور ذاتی حفظان صحت تھی۔ 50فیصد سے زیادہ افراد نے اس کی تائید کی۔ تقریباً 40 فیصد کا کہنا تھا کہ یہ بہت آرام دہ ہے جبکہ 30فیصد کا خیال تھا کہ اس ٹائلٹ سے جدید ترین بیت الخلاء کی آرام وآسائش کا احساس ہوتا ہے۔

تقریباً20 فیصد افراد اس کی گرم سیٹ سے خاص طورپر متاثر ہوئے جبکہ دیگر نے ٹوٹو کے باتھ روم آلات کی آسان صفائی اور ماحول دوست ہونے کی تعریف کی۔

خود کو اپنے آپ صاف کرنے والا جدید ترین ٹائلٹ

بہر حال فیور گرم ٹائلٹ سیٹوں کی عدم موجودگی کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ وہ کہتے ہیں، "ہم ہمیشہ واپس لوٹتے وقت کوئی نہ کوئی یادگار چیز اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، اس سال میں واشلیٹ کو لے جانے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہوں۔ تاکہ میں جب فرانس میں رہوں تو اسے استعمال بھی کرسکوں۔"

ج ا / ص ز (جولیان رایل، ٹوکیو)