جاپانی گراں پری، لوئس ہیملٹن کی بڑی کامیابی
8 اکتوبر 2017فارمولا ون موٹر ریسنگ کے سلسلے کی اتوار کے دن منعقد کی گئی جاپانی گراں پری دوڑ میں مرسیڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن نے ایک اور کامیابی سمیٹ لی۔ انہوں نے اس ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنا لی ہے۔
فارمولا ون، سباستیان فیٹل کی ایک اور کامیابی
چائنیز گراں پری، ہیملٹن نے بدلہ چکا دیا
اب ان کے مجموعی پوائنٹس 306 ہو گئے ہیں اور معلوم ہوتا ہے کہ وہ رواں سال بھی عالمی چیمپئن بن جائیں گے۔ اگر یہ ہوا تو انہیں چوتھی مرتبہ یہ اعزاز حاصل ہو سکے گا۔ ابھی تک کسی برطانوی ڈرائیور نے چار مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل نہیں کیا۔
سوزوکا میں منعقد ہوئی جاپانی گراں پری میں دوسری پوزیشن ریڈ بل ٹیم کے ڈرائیور ماکس فرشٹاپن کو حاصل ہوئی جبکہ اسی ٹیم کے ڈینئل ریکارڈو تیسرے نمبر پر رہے۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر سباستیان فیٹل ہیں، جن کے پوائنٹس 247 ہیں۔ فیراری ٹیم کے جرمن ڈرائیور فیٹل کو جاپانی گراں پری کے دوران اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جب ان کی گاڑی کا انجن فیل ہو گیا اور انہیں اس ریس سے باہر ہونا پڑ گیا۔ اس تکنیکی خرابی کے باعث ہیملٹن نے فیٹل پر 59 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ تاہم ناقدین کے مطابق عالمی چیمپئن شپ کا مقابلہ ابھی ختم نہیں ہوا کیونکہ رواں سیزن کی چار دوڑیں ابھی باقی ہیں اور فیٹل ’کم بیک‘ بھی کر سکتے ہیں۔
فارمولا ون کی آئندہ ریس امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ہو گی۔ اگر امریکی گراں پری میں ہیملٹن نے کامیابی حاصل کر لی اور فیٹل چوتھی پوزیشن سے نیچے رہے، تو آئندہ عالمی چیمپئن کا اعزاز قبل از وقت ہی ہیملٹن کو مل جائے گا۔
اتوار کے دن سوزوکا میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہیملٹن نے کہا، ’’یقین کیجیے کہ میں اس سیزن میں اپنے حریف ڈرائیورز پر اتنی بڑی برتری کا صرف خواب ہی دیکھ سکتا تھا۔‘‘ انہوں نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کو ممکن بنانے کے لیے سبھی نے انتہائی دل جمعی سے کام کیا۔
فارمولا ون گراں پری کے اس سلسلے میں ایک ریس جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔